راولپنڈی میں ماں بیٹی قتل، دو ماہ میں 8 خواتین جان سے گئیں
غیرت کے نام پر قتل، گھریلو تشدد اور ذاتی رنجش سمیت مختلف واقعات میں خواتین نشانہ بنیں، 12 سالہ طالبہ بھی مقتولین میں شامل

راولپنڈی: راولپنڈی میں خواتین کے قتل کے واقعات کا سلسلہ نہ رک سکا، گرجا روڈ کے علاقے چک جلال الدین میں ماں اور بیٹی کو قتل کردیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں کو گلا گھونٹ کر مارا گیا۔
جمعہ کو راویلہ بی بی اور ان کی بیٹی نومین کی لاشیں گھر سے ملیں۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر متعلقہ حکام نے تحقیقات شروع کردیں، جبکہ ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں خواتین کو گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں گزشتہ دو ماہ کے دوران 8 خواتین کو قتل کیا جاچکا ہے۔ ان واقعات میں غیرت کے نام پر قتل، گھریلو تشدد، ذاتی رنجش اور مبینہ زیادتی کے بعد قتل جیسے محرکات سامنے آئے ہیں۔ مقتولین میں 12 سالہ طالبہ بھی شامل ہے۔
اس عرصے کے دوران قتل ہونے والی خواتین میں عائشہ گلامنہ، حنا جاوید، سندس خان، صباح محمود، نبیلہ شاہین اور مہمونہ کے نام بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے واقعات پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پولیس کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو بہتری کے لیے چار ہفتوں کی مہلت دی تھی۔ وزیراعلیٰ نے ناقص کارکردگی پر افسران کو عہدوں سے ہٹانے کی وارننگ بھی دی، تاہم خواتین کے خلاف جرائم کے واقعات بدستور رپورٹ ہورہے ہیں۔



