چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کا خانپور کا دورہ، وکلا کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

رحیم یار خان (محمد عقیل اظہر پہوڑ) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے ایک روزہ دورے پر تحصیل خانپور کا دورہ کیا، جہاں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اظہار الحق اور سینئر سول جج منظر حیات کھوکھر نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈی سی او رحیم یار خان ظہیر انور جپہ اور ڈی پی او عرفان علی سموں بھی موجود تھے۔

دورے کے موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اظہار الحق اور سینئر سول جج منظر حیات کھوکھر نے چیف جسٹس عالیہ نیلم کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے، جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
بعد ازاں چیف جسٹس عالیہ نیلم نے خانپور کچہری میں چاروں تحصیلوں کے لیے قائم کیے گئے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ ان منصوبوں میں لیڈیز بار روم، ای لائبریری، سولر سسٹم، ڈے کیئر سینٹر اور میٹنگ روم شامل ہیں۔
اس موقع پر چیف جسٹس نے چاروں تحصیلوں کے بار ایسوسی ایشنز کے صدور، جنرل سیکرٹریز اور خواتین وکلا کے وفود کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ممبران پنجاب بار کونسل سردار عبدالباسط اور محمود اختر چہور ایڈووکیٹ سمیت لیاقت پور، صادق آباد اور رحیم یار خان کی بار ایسوسی ایشنز کے صدور و جنرل سیکرٹریز، خواتین وکلا اور چاروں تحصیلوں کے سیشن و سول ججز سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وکلا برادری کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ججز کی کمی دور کرنا اور وکلا برادری کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
چیف جسٹس نے رحیم یار خان کے سیشن اور سول ججز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔



