latest newsPakistan

جی پی پراجیکٹ کے تحت 11 ہزار سے زائد طلبہ اگلی جماعتوں میں پرموٹ، محکمہ خواندگی کی کارکردگی قابلِ تحسین

رحیم یار خان (محمد عقیل اظہر پہوڑ) لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ رحیم یار خان کے زیرِ اہتمام جی پی پراجیکٹ کی اختتامی تقریب جناح ہال میں منعقد ہوئی، جس میں مقررین نے پراجیکٹ کے تحت 11 ہزار 100 سے زائد طلبہ کو اگلی جماعتوں میں ترقی دینے کو محکمہ خواندگی کی اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے افسران، عملے اور اساتذہ کی کارکردگی کو سراہا۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت مظہر حسین نے حاصل کی، جبکہ جی پی اسکول کی طالبہ نے نعتیہ کلام پیش کیا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی محمد علی خان نے شرکاء کو جی پی پراجیکٹ کی کامیابیوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پراجیکٹ کے تحت 288 اسکولوں میں پیکج سی کے ذریعے جماعت پنجم تک تعلیم حاصل کرنے والے 11 ہزار 100 سے زائد طلبہ کو اگلے تعلیمی درجے میں منتقل کرنے کے لیے پیکج ڈی اور مڈل سطح کی تعلیم میں داخلے دیے گئے، جو پراجیکٹ کی ایک اہم کامیابی ہے۔

تقریب کے مہمان خصوصی، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے رحیم یار خان کیمپس کے ماہر تعلیم ڈاکٹر محمد اطہر حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چولستان اور کچہ کے دریائی و دور دراز علاقوں میں خواندگی کے فروغ کے لیے اقدامات لائقِ تحسین ہیں۔ ایسے منصوبے ان علاقوں میں تعلیمی مواقع بڑھانے اور بچوں کو تعلیم کے تسلسل سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری ایجوکیشن میاں وسیم محبوب نے اپنے خطاب میں محکمہ خواندگی کی کاوشوں کو فروغِ تعلیم اور خواندگی کے اہداف کے حصول کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے محکمہ کے افسران، عملے اور اساتذہ کی خدمات کو سراہا۔

تقریب میں لٹریسی کوآرڈینیٹر رانا سلیم فاروقی، ایل ایمز عقیل اظہر، جام اسحاق احمد، شہزاد مغل، وحید عابد، امجد گھلو، فیصل بخاری، یوسف بیگ، مانیٹرنگ اسٹاف خلیل، ثاقب اور ضیاء، اے ڈی عاشر، ڈی ٹی صفورہ، سعدیہ، میمونہ بتول اور ختم اقبال سمیت محکمہ خواندگی کے افسران و اہلکاروں، اساتذہ اور ریڈز پاکستان و بنیاد فاؤنڈیشن کے نمائندگان نے شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر پراجیکٹ کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور عملے کو انعامات سے نوازا گیا۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دور دراز علاقوں میں تعلیم اور خواندگی کے فروغ کے لیے ایسی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button