آئی فون 18، آئی فون 18 ای اور آئی فون ایئر 2 کی لانچنگ کب ہوگی؟ نئی لیک سامنے آگئی

کیلیفورنیا: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے نئے اسمارٹ فونز آئی فون 18، آئی فون 18 ای اور آئی فون ایئر 2 کی ممکنہ لانچنگ کی تاریخ سامنے آگئی ہے۔
ایک نئی رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے یہ تینوں اسمارٹ فونز 2027 کے موسم بہار میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی فون 18 کی پروڈکشن نومبر کے آخر تک شروع ہوسکتی ہے، جبکہ اسے مارچ 2027 میں آئی فون 18 ای کے ساتھ پیش کیا جاسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئی فون 18 میں ایپل کی نئی اے 20 چپ اور سی 2 موڈیم دیے جانے کا امکان ہے۔ فون کی ابتدائی قیمت 899 ڈالرز بتائی جارہی ہے، جو آئی فون 17 کے مقابلے میں 100 ڈالرز زیادہ ہوگی۔
دوسری جانب آئی فون ایئر 2 میں اہم تبدیلیوں کی توقع ہے۔ لیک کے مطابق نئے فون میں ڈوئل کیمرا سیٹ اپ دیا جاسکتا ہے، جبکہ اس کی بیٹری کی گنجائش 3500 ایم اے ایچ ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ آئی فون ایئر 2 کو بھی آئی فون 18 اور آئی فون 18 ای کے ساتھ 12 یا 19 مارچ 2027 کو متعارف کرایا جاسکتا ہے۔ تاہم، ایپل نے تاحال ان تاریخوں کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
ایپل کے لیے معیاری آئی فون ماڈل خاص اہمیت رکھتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئی فون 17 عالمی سطح پر سب سے زیادہ فروخت ہونے والا اسمارٹ فون ہے، جس سے کمپنی کے معیاری ماڈلز کی مقبولیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ ایپل نے 2026 میں آئی فون متعارف کرانے کے روایتی شیڈول میں تبدیلی کی۔ ستمبر 2026 میں کمپنی نے آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور اپنے پہلے فولڈ ایبل اسمارٹ فون آئی فون ڈو کو پیش کیا تھا۔



