گوادر میں بھارتی سرپرستی میں دہشتگردی کی کوشش ناکام، خاتون دہشتگرد سمیت 10 ہلاک: آئی ایس پی آر

راولپنڈی: گبد بارڈر کراسنگ اور گوادر شہر میں بھارتی سرپرستی میں دہشتگردی کی کوشش ناکام بنادی گئی، سکیورٹی فورسز نے گوادر شہر اور گردونواح میں کلیئرنس آپریشن کے دوران خاتون دہشتگرد سمیت 10 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں کے حملے میں ایک شہری شہید ہوا جبکہ چند گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ آپریشنز کے دوران سکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کا مقصد بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنا تھا، تاہم ریاستی عملداری کو چیلنج کرنے کی ان کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ گوادر میں آپریشنز مکمل کرکے امن و امان اور ریاستی عملداری بحال کردی گئی ہے۔
ترجمان پاک فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ حملے میں خاتون کو زبردستی استعمال کرنا بلوچ خواتین کی حرمت کے منافی ہے۔ دہشتگرد بلوچ خواتین کو پروپیگنڈے اور عوامی جذبات بھڑکانے کے لیے استعمال کررہے ہیں، تاہم بلوچستان کے عوام اپنے نام پر خون بہانے والے عناصر کو مسترد کرتے آئے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشتگردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی اور ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔



