خواتین اپنی تصاویر اور ویڈیوز کسی سے شیئر نہ کریں، بلیک میلنگ کا خطرہ ہے، محسن نقوی

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خواتین کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی صورت اپنی تصاویر اور ویڈیوز دوسروں کے ساتھ شیئر نہ کریں، کیونکہ ملزمان ان تصاویر اور ویڈیوز کو استعمال کرکے انہیں بلیک میل کرتے ہیں۔
لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے دفتر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وہ عوامی مسائل کو سمجھنے اور ان کے حل کے لیے اقدامات کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے ماؤں اور بہنوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی تصاویر کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ سائبر کرائم کے ادارے کو بچیوں کو ہراساں کرنے کے سب سے زیادہ کیسز موصول ہو رہے ہیں۔ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے بچیوں اور عام شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کی مہم بھی شروع کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے شہریوں کو آن لائن مالی فراڈ سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی شخص انٹرنیٹ پر پیسے مانگے تو تصدیق کے بغیر ہرگز رقم منتقل نہ کریں۔ حتیٰ کہ اگر کوئی شخص خود کو بیمار ظاہر کرکے مالی مدد طلب کرے تو بھی رقم بھیجنے سے پہلے اس کی حقیقت کی تصدیق ضرور کریں۔
محسن نقوی نے بتایا کہ پنجاب بھر میں این سی سی آئی اے کے پاس 61 اہلکار موجود ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ سائلین کے مسائل مؤثر انداز میں حل کرنے کے لیے ادارے کی افرادی قوت پوری کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ این سی سی آئی اے نے کئی اہم مقدمات میں ملزمان کو گرفتار کیا ہے اور سائبر کرائم پولیس کو ہر لحاظ سے مضبوط بنایا جائے گا۔ سرکاری ملازم ہو یا کوئی دوسرا شخص، سائبر کرائم میں ملوث کسی بھی فرد کو قانون کے مطابق گرفتار کیا جائے گا۔



