بلوچستان میں نئے صوبوں، ڈویژنز اور اضلاع کے قیام کی ضرورت ہے، سرفراز بگٹی

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں عوام کو ان کی دہلیز پر سرکاری اداروں کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے چھوٹے انتظامی یونٹس کا قیام ناگزیر ہے، جبکہ نئے صوبوں کے ساتھ چھوٹے ڈویژنز اور اضلاع بنانے کی بھی ضرورت ہے۔
شمالی ڈیرہ بگٹی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کوہ سلیمان ڈویژن کی تمام ڈویژنل پوسٹوں کی منظوری دے دی گئی ہے اور ان پر افسران و عملے کی تعیناتی جلد عمل میں لائی جائے گی۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام سے عوام کو سول حکومت اور سرکاری محکموں تک رسائی میں آسانی ہوگی۔ بلوچستان کے مخصوص حالات کے پیش نظر انتظامی ڈھانچے کو عوام کی ضروریات کے مطابق تشکیل دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام پر بحث اب شروع ہوئی ہے، تاہم انہوں نے یہ عمل دو سال قبل ہی شروع کر دیا تھا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ رکھنی میں ترقیاتی عمل کا آغاز ہو چکا ہے اور ترقیاتی منصوبوں کو کرپشن اور کمیشن مافیا سے پاک رکھنے کے لیے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ رکھنی کو ایک مثالی ڈویژن بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔
انہوں نے گوادر میں فتنۃ الخوارج کا حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی کارروائی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور پولیس کی قربانیاں اور کارکردگی قابلِ فخر ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ اگست کے بعد بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کے رجحان میں کمی آنا ایک مثبت پیش رفت ہے۔ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی جرأت مندانہ کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔



