خیبر پختونخوا میں ڈپٹی کمشنرز کو گرفتاری اور نظر بندی کے اختیارات تفویض

پشاور: خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ڈپٹی کمشنرز کو ایم پی او آرڈیننس 1960 کے تحت گرفتاری اور نظر بندی کے اختیارات تفویض کر دیے۔
محکمہ داخلہ و قبائلی امور کے اعلامیے کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی نے ایم پی او آرڈیننس 1960 کے سیکشن 3 کی ذیلی دفعہ ایک کے تحت یہ اختیارات ضلعی انتظامیہ کو منتقل کیے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کی جانب سے کیس موصول ہونے پر ڈپٹی کمشنر فوری کارروائی کرے گا۔
محکمہ داخلہ کے مطابق یہ فیصلہ 11 اکتوبر کو صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ کے تناظر میں کیا گیا ہے، جس کا مقصد انتظامی تاخیر کو کم کرنا اور امن و امان کے قیام کے لیے بروقت اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔
اعلامیے کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا نے ہدایت کی ہے کہ ڈپٹی کمشنرز اپنے اختیارات آئین اور قانون کے مطابق استعمال کریں اور ان کا کسی بھی صورت غلط استعمال نہ ہونے دیں۔
گورنر نے واضح کیا کہ عوام کے امن، تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔



