خواتین کے خلاف جرائم کسی صورت برداشت نہیں، پنجاب کو خواتین کے لیے محفوظ بنایا، مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ خواتین کے خلاف جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے، حکومتی اقدامات کے باعث پنجاب خواتین کے لیے محفوظ صوبہ بن چکا ہے، جبکہ طالبات کو خودمختار اور اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
لاہور میں کنیئرڈ کالج فار ویمن یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ انہیں پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہونے کا اعزاز حاصل ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ صوبے کی دیگر خواتین بھی بااختیار بنیں اور زندگی کے ہر شعبے میں کامیابی حاصل کریں۔
انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کو اپنی منزل حاصل کرنے کے لیے زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے۔ پنجاب کی بیٹیوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے گزشتہ تین سال کے دوران دن رات محنت کی اور صوبے کو خواتین کے لیے سازگار بنانے کے لیے اقدامات کیے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب ان سمیت بہت سی لڑکیاں مختلف نوعیت کے خوف کا شکار رہتی تھیں، تاہم آج لڑکیوں میں پیدا ہونے والے اعتماد نے اس خوف کو کم کیا ہے۔ پنجاب میں خواتین کے خلاف جرائم کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جاتا اور ایسے جرائم پر سخت کارروائی کی جاتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ طالبات کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ خواتین کو آسان اقساط پر الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی، جبکہ انہیں روزگار کے بہتر مواقع دینے کے لیے ضروری سہولیات بھی مہیا کی جائیں گی تاکہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑی ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے مؤثر اقدامات کے ذریعے اسموگ کے مسئلے پر قابو پانے کی کوششیں کی ہیں۔ حکومت صوبے کے ہر گھر تک پہنچے گی اور ہر بچے کو تعلیم کے حصول کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب ان کا گھر ہے اور وہ صوبے کی ہر گلی اور ہر کوچے کو صاف ستھرا دیکھنا چاہتی ہیں۔ ان کے مطابق حکومت کی ترجیحات میں خواتین کا تحفظ، نوجوانوں کو بااختیار بنانا، تعلیم کے فروغ اور صوبے میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانا شامل ہے۔



