اسد قیصر نے بھائی کو وزیراعلیٰ بنانے کی درخواست کی تھی، بیرسٹر سیف کا دعویٰ
عمران خان نے عاقب اللہ کو وزیراعلیٰ بنانے کی تجویز مسترد کردی تھی، سابق مشیر اطلاعات

اسلام آباد: سابق مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اپنے بھائی عاقب اللہ کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نامزد کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم عمران خان نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ عام انتخابات کے بعد اور علی امین گنڈاپور کی نامزدگی سے قبل ان کی اور اسد قیصر کی عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی، جس میں اسد قیصر نے اپنے بھائی کو وزیراعلیٰ بنانے کی خواہش ظاہر کی۔ ان کے مطابق ایک دوسری ملاقات میں بھی عمران خان نے عاقب اللہ کی بطور وزیراعلیٰ نامزدگی کی حمایت نہیں کی۔
بیرسٹر سیف کے مطابق عمران خان نے ابتدا میں عاقب اللہ کو خیبرپختونخوا اسمبلی کا اسپیکر بنانے کی ہدایت کی تھی، تاہم بعد میں بابر سلیم سواتی کو اسپیکر نامزد کردیا گیا۔
یہ بیان سینیٹر مشال یوسفزئی کے اس الزام کے تناظر میں سامنے آیا ہے کہ اسد قیصر نے اپنے بھائی کو وزیراعلیٰ بنانے کے لیے لابنگ کی تھی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا کہ علی امین گنڈاپور اسد قیصر کی عمران خان سے ملاقات سے پہلے ہی وزیراعلیٰ نامزد ہوچکے تھے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بیرسٹر سیف خود اعلان کرچکے تھے کہ عمران خان نے عاقب اللہ کو اسمبلی کا اسپیکر نامزد کیا ہے۔



