Businesslatest news

پاکستان اور عمان کے درمیان 5 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

پاکستان اور عمان نے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان پانچ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی نے 13 اور 14 اکتوبر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے دوطرفہ مذاکرات کیے، وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور پاکستان عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔

اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت، صنعت، بحری رابطوں، افرادی قوت، تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے اختتام پر سفارتی، خصوصی، سرکاری اور سروس پاسپورٹس پر ویزا چھوٹ، ریکارڈز و آرکائیوز، میڈیا، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور خبروں کے تبادلے سے متعلق پانچ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ دونوں ممالک نے مشترکہ وزارتی کمیشن کا نواں اجلاس آئندہ سال مسقط میں منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ اسحاق ڈار نے عمانی وزیر خارجہ کو فلسطین، بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر اور افغانستان سے جنم لینے والی دہشت گردی سے متعلق پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا۔

اسحاق ڈار نے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کے بھارتی فیصلے کو عالمی قانون اور معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاہدہ بدستور مؤثر، قابل عمل اور فریقین کے لیے لازم ہے۔

عمانی وزیر خارجہ نے پاکستان کی مہمان نوازی اور علاقائی امن کے لیے کوششوں کو سراہا اور دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button