latest newsPolitics

بلاول بھٹو کی خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کی حمایت، پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دینے کی تجویز

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی حمایت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو تجویز دی ہے کہ پی ٹی آئی کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دی جائے تاکہ تمام سیاسی جماعتیں مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کرسکیں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے آئین کے مطابق ایمرجنسی کی منظوری دی۔ پی ٹی آئی صدر مملکت اور پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے، تاہم اپوزیشن کو یہ بتانا چاہیے کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ نہ کرنے کی کیا ٹھوس وجہ تھی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کو مذاکرات میں شامل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ ایمرجنسی کا نفاذ کوئی خوشی کی بات نہیں اور حکومت نے یہ قدم مجبوری میں اٹھایا ہے، اسے مستقل طور پر نافذ نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق ایمرجنسی کے نفاذ سے پہلے مذاکرات کو موقع دیا گیا اور پہلی مرتبہ معاملہ صدر مملکت کے پاس آنے پر بھی اپوزیشن سے بات چیت کا فیصلہ کیا گیا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی رات انہیں بتایا گیا کہ بات چیت کامیاب ہوگئی ہے۔ پیپلز پارٹی کے دو نمائندے بھی مذاکراتی کمیٹی میں شامل تھے، تاہم موجودہ سیاسی اور قانونی صورت حال میں پی ٹی آئی کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے سیاسی خودکش حملہ کیا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں کو متحد ہونا ہوگا، کیونکہ کوئی ایک فرد یا ادارہ تنہا اس چیلنج کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔

بھارت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت کے لیے پاکستان کے چھ طیارے گرائے جانے کی حقیقت ہضم کرنا مشکل ہے۔ ان کے بقول بھارتی وزیراعظم نریندر مودی مختلف مقامات پر آپریشن سندور کے جاری رہنے کی بات کررہے ہیں، جبکہ بھارت علیحدگی پسندوں کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کررہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ موجودہ مسئلے کے حل کے لیے درمیانی راستہ نکالا جائے۔ انہوں نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اور دیگر سیاسی قوتیں اپنا ہاتھ اپوزیشن کی طرف بڑھا رہی ہیں، اس لیے تمام فریقین کو بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کرنا چاہیے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button