پاکستانی ڈراموں سے بھارت کا بیانیہ متاثر ہو رہا تھا، اسی لیے پابندی لگائی گئی: فیصل قریشی

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار فیصل قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے پاکستانی ڈراموں پر پابندی اس لیے لگائی کیونکہ ان کے بقول پاکستانی ڈرامے پاکستان کے بارے میں بھارتی عوام کا نظریہ تبدیل کر رہے تھے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران فیصل قریشی نے پاکستانی ڈراموں کی بیرون ملک مقبولیت اور بھارتی پابندی سے متعلق گفتگو کی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈراموں کے ذریعے بھارتی ناظرین کو معلوم ہو رہا تھا کہ پاکستانی تعلیم یافتہ، جدید سوچ کے حامل اور صبر و تحمل سے کام لینے والے لوگ ہیں، جس سے پاکستان کے خلاف بھارتی بیانیہ متاثر ہو رہا تھا۔
فیصل قریشی نے دعویٰ کیا کہ بھارتی حکومت کو موقع ملتے ہی پاکستانی ڈراموں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ڈراموں پر پابندی کے بعد بھارت میں وی پی این ڈاؤن لوڈ کرنے کے رجحان میں اضافہ ہوا۔ ان کے مطابق بھارتی ناظرین بھی اب فلموں کے ذریعے نفرت پھیلانے اور مخصوص ایجنڈے کو فروغ دینے پر سوال اٹھا رہے ہیں۔



