latest newsWorld

چین اور پاکستان کی پہلی مشترکہ فوجی مشق ’’قراقرم 2026‘‘ شروع

چین اور پاکستان کی پہلی مشترکہ فوجی تربیتی مشق ’’قراقرم 2026‘‘ چین کے شمال مغربی علاقے سنکیانگ میں شروع ہوگئی۔

چینی سرکاری میڈیا کے مطابق بدھ کو شہر کورلا کے ایک تربیتی مرکز میں مشق کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے فوجی دستوں نے شرکت کی۔

مشق کا بنیادی مقصد بلند پہاڑی علاقوں میں انسدادِ دہشت گردی کی مشترکہ کارروائیوں کے لیے دونوں افواج کی صلاحیتوں اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

تربیتی مشق کے دوران ڈرونز (یو اے وی) چلانے، حرکت کے دوران اہداف کی نشاندہی اور فائرنگ، طویل فاصلے سے نشانہ بازی اور مشترکہ کمانڈ کی تربیت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ حقیقی فوجی دستوں کے ساتھ عملی مشقیں بھی شامل ہوں گی۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر دونوں ممالک نے انسدادِ دہشت گردی کے تجربات کا تبادلہ کیا، جبکہ پاکستانی فوجی اہلکاروں نے چین کے بعض جدید ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کا مشاہدہ بھی کیا۔

چینی میڈیا کے مطابق تربیتی مشق میں چین کی جانب سے فراہم کیے گئے ہتھیار اور سازوسامان استعمال کیا جائے گا، جن میں رائفلیں، مشین گنز، بکتر بند گاڑیاں، توپ خانے، بغیر پائلٹ نظام اور ڈرونز کے خلاف استعمال ہونے والے نظام شامل ہیں۔

مشق کا مقصد انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں دونوں افواج کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانا، مشترکہ کارروائیوں کی صلاحیت بہتر کرنا اور جدید جنگی مہارتوں کا تبادلہ کرنا ہے۔

پاکستان اور چین کے درمیان طویل عرصے سے دفاعی تعاون جاری ہے۔ دسمبر 2025 میں دونوں ممالک کی افواج نے مشترکہ فوجی مشق ’’وارئیر 9‘‘ بھی شروع کی تھی، جس کا مقصد انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں میں پیشہ ورانہ مہارت اور باہمی ہم آہنگی کو بہتر بنانا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button