آزاد جکھرانی کے بنگلے پر چھاپہ، ایک کلو سے زائد آئس اور کوکین برآمد

کراچی میں پیپلز پارٹی کے رہنما اعجاز جکھرانی کے بھائی آزاد جکھرانی کے بنگلے پر پولیس چھاپے کے دوران ایک کلو سے زائد آئس اور کوکین برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ پولیس نے آزاد جکھرانی کے خلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی ایک گرفتار ملزم کی نشان دہی پر کی گئی، جس کے قبضے سے پہلے ہی کوکین اور آئس برآمد ہوئی تھی۔ ملزم نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ منشیات آزاد جکھرانی کی ہیں اور ان کے بنگلے پر مزید منشیات موجود ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چھاپے کے وقت آزاد جکھرانی گھر پر موجود نہیں تھے، جس کے باعث انہیں گرفتار نہیں کیا جاسکا۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی اعجاز جکھرانی نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے چھاپے کے دوران چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بھائی سے لاتعلقی کا اعلان کرچکے ہیں، تاہم یہ ان کا خاندانی گھر ہے۔
اعجاز جکھرانی کے مطابق انہوں نے وزیر داخلہ سندھ اور آئی جی سندھ کو معاملے سے آگاہ کرتے ہوئے چھاپے کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ادھر سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئرپرسن فریال تالپور نے جکھرانی ہاؤس پر چھاپے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی۔



