latest news
ڈیرہ اسماعیل خان: زخمیوں کو لے جانے والی ایمبولینس پر فائرنگ، 2 ریسکیو اہلکار شہید

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں مبینہ خودکش دھماکے کے زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے والی ایمبولینس پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 ریسکیو اہلکار شہید ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ مبینہ طور پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے کی، جس کے نتیجے میں ایمبولینس میں موجود 2 ریسکیو اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد علاقے میں خوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔
واضح رہے کہ درازندہ میں انسدادِ اسمگلنگ چیک پوسٹ پر مبینہ خودکش دھماکے میں 2 سالہ بچے اور 2 خواتین سمیت 12 افراد شہید جبکہ پولیس، کسٹمز اہلکاروں اور شہریوں سمیت 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔



