ریلوے ٹریک متاثر، ٹرین حادثات معمول بن گئے، یوسف والا کول ٹرین کو ایک ماہ میں پانچواں حادثہ
کوٹری(عمران اسلم) ریلوے ٹریک کی خراب صورتحال کے باعث مسافر اور گڈز ٹرینوں کے حادثات میں مسلسل اضافہ ہونے لگا ہے، جبکہ ریلوے وزیر حنیف عباسی سمیت متعلقہ افسران اور عملہ ٹرین حادثات میں کمی لانے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔
ریلوے ذرائع کے مطابق یوسف والا کول ٹرین کو ایک ماہ کے دوران پانچویں حادثے کا سامنا کرنا پڑا۔ حادثہ کوٹری اسٹیشن کے قریب پیش آیا جہاں کول ٹرین کی بوگیاں ڈی ریل ہونے کے باعث اپ ٹریک بلاک ہوگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد ریلوے کی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ کردی گئی ہیں، جبکہ اپ ٹریک کو بحال کرنے میں 10 سے 12 گھنٹے لگنے کا امکان ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق ٹریک کی بحالی تک اپ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت متاثر رہے گی، جس کے باعث مسافر ٹرینوں کو کئی گھنٹوں کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ریلوے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے دوران اب تک مسافر اور گڈز ٹرینوں کو متعدد حادثات پیش آچکے ہیں، جنہیں ریلوے کی تاریخ میں ریکارڈ حادثات قرار دیا جا رہا ہے۔
حادثات میں اضافے کے باعث ریلوے ٹریکس کی حالت، حفاظتی انتظامات اور محکمہ ریلوے کی جانب سے حادثات کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔



