
برطانیہ کے 3 بڑے ہوائی اڈوں پر سائبر حملہ، 87 لاکھ صارفین کا ڈیٹا متاثر
لندن: برطانیہ کے تین بڑے ہوائی اڈوں مانچسٹر، لندن اسٹینسٹڈ اور ایسٹ مڈلینڈز کو سائبر حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں تقریباً 87 لاکھ صارفین کا ذاتی ڈیٹا غیر مجاز افراد تک پہنچ گیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق متاثرہ ڈیٹا میں صارفین کے ای میل پتے، فون نمبرز، گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبرز اور پوسٹ کوڈز شامل ہیں۔ ہیکرز نے کار پارکنگ، لاؤنج اور فاسٹ ٹریک بکنگز کے علاوہ ایئرپورٹس کے وائی فائی سائن اَپ سے متعلق معلومات تک بھی رسائی حاصل کی۔
مانچسٹر ایئرپورٹس گروپ (MAG)، جو تینوں ہوائی اڈوں کا انتظام کرتا ہے، کے مطابق سائبر سکیورٹی کے واقعے کو فوری طور پر محدود کردیا گیا اور متعلقہ حکام کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے۔
ایئرپورٹ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ سائبر حملے سے مسافروں کی سلامتی یا ایوی ایشن سکیورٹی متاثر نہیں ہوئی اور ہوائی اڈوں کی معمول کی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔ متاثرہ نظام میں صارفین کی بینک یا ادائیگی سے متعلق معلومات موجود نہیں تھیں۔
حکام نے متاثرہ صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر متوقع ای میلز، فون کالز یا ٹیکسٹ پیغامات سے محتاط رہیں، کیونکہ چوری شدہ معلومات کو فراڈ یا فشنگ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔



