latest newsWorld

ایلون مسک: مصنوعی ذہانت ذہانت کے عروج اور بنیادی غلطیوں، دونوں کا امتزاج ہے

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے مصنوعی ذہانت کی موجودہ صورتِ حال پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ذہانت کے اعتبار سے اپنے عروج پر بھی ہے اور انتہائی بنیادی غلطیاں بھی کرتی ہے۔

ایلون مسک نے گزشتہ روز مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر معروف ادیب چارلس ڈکنز کے ناول ’اے ٹیل آف ٹو سٹیز‘ کے ابتدائی الفاظ سے مماثلت رکھتے ہوئے لکھا کہ ’’یہ ذہین ترین دور بھی ہے اور احمق ترین بھی۔‘‘

ان کی پوسٹ کو لاکھوں افراد نے دیکھا، جبکہ ٹیکنالوجی ماہرین اور عام صارفین نے بھی اس پر ردعمل کا اظہار کیا۔

دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق مسک کا یہ تبصرہ مصنوعی ذہانت کی دو متضاد خصوصیات کی عکاسی کرتا ہے۔ جدید اے آئی نظام پیچیدہ سافٹ ویئر بنانے، سائنسی مسائل حل کرنے اور مشکل سوالات کے جواب دینے میں غیرمعمولی صلاحیت دکھا رہے ہیں، تاہم یہی نظام بعض اوقات بنیادی حقائق کے بارے میں غلط معلومات اور واضح منطقی غلطیاں بھی پیش کرتے ہیں۔

یہ بیان مسک کے اپنے مصنوعی ذہانت کے کاروبار میں اہم تبدیلیوں کے دوران سامنے آیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسپیس ایکس کی جانب سے 250 ارب ڈالر مالیت کے ایکس اے آئی کے حصول اور 60 ارب ڈالر میں کوڈنگ کمپنی کَرسَر کی خریداری کے بعد مسک کے اے آئی شعبے نے مہنگی ویڈیو بنانے والی ٹیکنالوجی کے بجائے کاروباری اداروں کے لیے کوڈنگ ٹولز اور گروک بوٹ جیسے خودکار نظاموں پر توجہ بڑھا دی ہے۔

ماہرین کے مطابق مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں میں تیزی سے اضافے کے باوجود اس کی ذہانت یکساں نہیں۔ یہ مخصوص تکنیکی کاموں میں انسانی صلاحیتوں سے آگے نکل رہی ہے، لیکن عام فہم اور بنیادی منطقی معاملات میں اب بھی نمایاں کمزوریاں رکھتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button