عمران خان کو سرجری کی ضرورت ہوئی تو حکومت سہولت فراہم کرے گی، رانا ثنااللہ

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کی گئی۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے پہلے انتشار اور ہنگامہ آرائی چاہتے تھے، ناکامی کے بعد بات چیت پر آمادہ ہوئے ہیں۔ حکومت نے معاملات خوش اسلوبی سے طے کرنے کی کوشش کی، تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے انکار کیا جاتا رہا۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسی واضح ہے کہ تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں، تاہم یہ تاثر درست نہیں کہ کسی ڈیل یا ڈھیل کا معاملہ زیر غور ہے۔
صوبوں سے متعلق معاملات پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ یہ معاملہ جلد پارلیمنٹ میں آئے گا، جہاں اس پر بحث ہوگی۔ یہ ایسا معاملہ نہیں کہ کوئی ایک شخص بات کرے اور اس کا حل نکل آئے۔



