latest newsPoliticsWorld

ٹرمپ نے جے ڈی وینس کو ایران سے مذاکرات کے بجائے امریکی داخلی امور پر توجہ دینے کی ہدایت کردی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نائب صدر جے ڈی وینس کو بظاہر خارجہ پالیسی معاملات سے الگ کرتے ہوئے ڈیموکریٹس کے زیرِ انتظام شہروں اور ریاستوں میں مبینہ جرائم، فراڈ اور کرپشن کے خلاف مہم پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کردی۔

صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کو ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے نائب صدر جے ڈی وینس کو ہدایت کی کہ وہ ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے کوششوں کے بجائے اپنی تمام تر توجہ امریکی داخلی مسائل پر مرکوز کریں۔

یہ پیش رفت امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی اس رپورٹ کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ جے ڈی وینس ایک سینئر ایرانی سکیورٹی عہدیدار کے ساتھ براہِ راست امن مذاکرات پر غور کر رہے ہیں۔ اس سے ایک ہفتہ قبل وینس نے مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکنز کی شکست کی ایک وجہ ایران کے ساتھ جنگ کو قرار دیا تھا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ٹرمپ کا تازہ بیان ایران کے حوالے سے ان کے سابقہ مؤقف میں تبدیلی کا عکاس ہے، کیونکہ حالیہ ہفتوں میں وہ عندیہ دے چکے تھے کہ ایران امریکی انتخابات کے بعد معاہدے کے لیے زیادہ آمادہ ہوسکتا ہے۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ امریکا کو ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں، وہ وقت گزر چکا ہے۔ ان کے بقول امریکا کے پاس ایران کے اربوں ڈالر اور آبنائے ہرمز بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جے ڈی وینس کو اس کے بجائے امریکا بھر میں ڈیموکریٹس کے زیرِ انتظام شہروں اور ریاستوں میں مبینہ فراڈ کے خلاف مہم کی قیادت کرنی چاہیے۔ ٹرمپ کا دعویٰ تھا کہ بڑے پیمانے پر مجرمانہ سرگرمیوں کا خاتمہ کرکے امریکی بجٹ کو تیزی سے متوازن بنایا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ جے ڈی وینس کو 2028 کے صدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی نامزدگی کے لیے ایک مضبوط امیدوار سمجھا جاتا ہے۔ گزشتہ ہفتے مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکنز کی شکست کے بعد وہ خود کو ایران جنگ کے معاملے سے دور کرچکے تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button