latest newsPolitics

نئے صوبے تمام جماعتوں اور عوام کی رضامندی سے ہی بنیں گے، محسن نقوی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا قیام تمام سیاسی جماعتوں اور عوام کی رضامندی سے ہی ممکن ہے، اگر سب متفق نہ ہوئے تو نئے صوبے نہیں بنیں گے۔

این سی سی آئی اے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے تمام جماعتوں کی رائے ضروری ہے۔ اس معاملے کا بہترین حل عوام کی رائے لینا ہے۔ اگر عوام یہ فیصلہ کرتے ہیں کہ نئے صوبے نہیں بننے چاہئیں تو وہ ان کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن) سمیت تمام جماعتوں کا اپنا اپنا مؤقف ہے اور تمام جماعتیں ہمارے لیے اہم ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اور ہم ایک ساتھ ہیں، جو بھی فیصلہ ہوگا اختلافات کی بنیاد پر نہیں ہوگا۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کے اہلخانہ سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ ایک دو روز سے مختلف افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ کیا ہونے والا ہے، تاہم انہیں جو قانونی حق حاصل ہے اور عدالت سے جو ریلیف ملے گا، وہی انہیں دیا جائے گا۔ باقی معاملات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

محسن نقوی نے کہا کہ بچیوں کو بلیک میل کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ آن لائن فراڈ کے زیادہ تر واقعات میں خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہماری ذمہ داری ہے اور وزارت داخلہ میں موجود کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ عوام ایسے افراد کی نشاندہی کریں، ان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔

انہوں نے اسلام آباد میں زمینوں پر قبضوں کے حوالے سے کہا کہ شہر کی اراضی پر جس بے دردی سے قبضے کیے گئے ہیں، اس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button