
لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کیمرہ لگی عینکوں کی فروخت پر پابندی کی درخواست پر وفاقی و صوبائی لاء افسران سے اقدامات سے متعلق رپورٹ18 نومبر تک طلب کرلی، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل رفاقت ڈوگر نے عملدرآمد رپورٹ میں موقف بتایا کہ وزارت تجارت نے سفارشات مرتب کرکے پیش کردی ہیں اور معاملہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے پاس پہنچ چکا ہے، اقتصادی رابطہ کمیٹی میں غور و خوض کے بعد قانون سازی کا عمل شروع ہوگا،عدالت نے استفسار کیا کہ حکومت پاکستان نے اس معاملے پر قانون سازی کے لیے اب تک کیا اقدامات کیے ہیں اور معاملہ وفاقی کابینہ میں ابھی تک کیوں پیش نہیں کیا گیا؟کیمرا عینکیں بین ہوں گی یا نہیں؟ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس شیڈول نہیں تھا، اس لیے معاملہ کابینہ میں پیش نہیں کیا جاسکا، درخواست گزار کے وکیل شہرام ساقی ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ مارکیٹ میں بڑی دکانوں اور سپر اسٹورز پر کیمرہ لگی عینکیں فروخت ہورہی ہیں، جن سے خفیہ ریکارڈنگ ممکن ہے،ایسی عینکیں سکیورٹی رسک ہیں اور ان کی فروخت کے لیے کسی حکومتی ادارے سے منظوری نہیں لی گئی، درخواست میں عدالت سے کیمرہ لگی عینکوں کی فروخت پر فوری پابندی عائد کرنے اور متعلقہ اداروں سے وضاحت طلب کرنے کی استدعا کی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کی درخواست پراٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کے لیے 2 دسمبر کو طلب کرلیا،عدالت نے وکیل کی جانب سے درخواست میں فریق بننے کی درخواست مسترد کردی، عدالت نے ریمارکس دئیے کہ 14 کروڑ عوام کو فریق نہیں بنایا جا سکتا، درخواست گزار کا وکیل اچھا کیس کررہا ہے،درخواست گزار کی وکیل شیزہ قریشی نے موقف اختیار کیا کہ سوشل میڈیا بچوں کی ذہنی، اخلاقی اور تعلیمی نشوونما کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے، جدید ترقی یافتہ ممالک بھی کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی پر غور کررہے ہیں، درخواست میں آسٹریلیا سمیت مختلف ممالک میں بچوں کے سوشل میڈیا استعمال سے متعلق اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے عدالت سے بچوں کو آن لائن استحصال، نامناسب مواد اور نفسیاتی نقصانات سے بچانے کے لیے اقدامات کا حکم دینے کی استدعا کی گئی۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے جاسوسی کے الزام میں سزا یافتہ ملزم کی اپیل پر وفاقی سیکرٹری قانون کو نوٹس جاری کرکے ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا، عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل کو ہدایت کی کہ بتایا جائے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں ملٹری کورٹس سے سزا پانے والے ملزمان کو ہائیکورٹ میں اپیل کا حق دینے سے متعلق کیا قانون سازی کی گئی ہے،درخواست گزار کے وکیل نجیب فیصل ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کے خلاف تھانہ سیالکوٹ میں مقدمہ درج ہوا اور اس پر جاسوسی کا الزام عائد کیا گیا، کیس کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں ہوا، جس نے 2020 میں درخواست گزار کو 12 سال قید کی سزا سنائی، درخواست میں عدالت سے اپیل سماعت کے لیے مقرر کرنے اور حتمی فیصلے تک سزا پر عملدرآمد معطل کرنے کی استدعا کی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ میں غیر ملکی خاتون ڈیانا سے مبینہ زیادتی کے مقدمے کی سماعت،جسٹس شہرام سرور چوہدری نےعدم پیروی کی بنیاد پر
ملزمہ نمرہ کی عبوری ضمانت خارج کردی، عدالت نے ملزمہ کی عبوری ضمانت میں آج تک توسیع کررکھی تھی، تھانہ ڈیفنس سی پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس علی ضیاء باجوہ نے پی ٹی آئی رہنما میاں اکرم عثمان کی کی رہائی کیلئے اہلیہ مریم کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر لاہور کو آج رپورٹ سمیت ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا، عدالت نے سرکاری وکیل کی پیش کردہ رپورٹ سے اتفاق نہیں کیا اور ڈپٹی کمشنر کو پیش ہوکر جواب داخل کرنے کی ہدایت کردی،درخواست گزار کے مطابق میاں اکرم عثمان کی دو مرتبہ نظر بندی کے نوٹیفکیشن جاری کیے گئے، دونوں کی مدت مکمل ہوچکی ہے اور نظر بندی ختم ہونے پر 7 نومبر کو ان کی رہائی ہونا تھی، نظر بندی کی مدت ختم ہونے کے باوجود انہیں قید رکھنا غیر آئینی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس جواد ظفر نے حراستی ملزم پر تشدد کے الزام میں ایف آئی اے کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دینے کی درخواست خارج کر دی، فیصلے میں عدالت نے قرار دیا کہ سرکاری اہلکاروں کے خلاف حراستی تشدد کی شکایات کی تحقیقات کا اختیار ایف آئی اے کو حاصل ہے تاہم سرکاری اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے قبل متعلقہ اتھارٹی سے منظوری لازمی ہے، متعلقہ اتھارٹی مقدمہ درج نہ کرنے کی صورت میں تحریری طور پر وجوہات دینے کی پابند ہوگی،فیصلے میں قرار دیا گیا کہ میڈیکل رپورٹ سے زخموں کی موجودگی ثابت ہوسکتی ہے لیکن اس سے ملزمان کا ملوث ہونا ثابت نہیں ہوتا، میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر پولیس اہلکاروں کو تشدد کا ذمہ دار قرار نہیں دیا جا سکتا،عدالت نے قرار دیا کہ ایف آئی آر کی انکوائری بند ہونے سے متاثرہ درخواست گزار متعلقہ فورم سے رجوع کرسکتا ہے، فیصلے کے مطابق سیشن کورٹ فیصل آباد نے بھی ایف آئی اے کو انکوائری کا حکم دیا تھا، مقدمہ درج کرنے کا نہیں، درخواست گزار سیشن کورٹ فیصل آباد میں پرائیویٹ کمپلینٹ دائر کرسکتا ہے،عدالت نے ریمارکس دئیےہیں کہ ہر شکایت پر مقدمہ درج کرنا ایف آئی اے کی لازمی ذمہ داری نہیں،مقدمہ درج کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ متعلقہ اتھارٹی کا اختیار ہے،عدالت اپنی رائے مسلط نہیں کرے گی، 11اکتوبر 2025 کا حکم کسی نے چیلنج نہیں کیا، وہ حتمی ہو چکا ،اس حکم میں ایف آئی اے کو انکوائری مکمل کرنے کا کہا گیا تھا، مقدمہ درج کرنے کا نہیں۔
لاہور ہائیکورٹ میں فیسکو چیف عامر پنوں نے 320 ملین روپے کے ٹیکس چوری کے مقدمے کے اخراج کی درخواست پر سماعت ،جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ذاتی وجوہات کی بنا پرسماعت سے معذرت کرلی، درخواست کے مطابق ایف بی آر کمشنر ان لینڈ ریونیو فیصل آباد کی جانب سے فیسکو چیف کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت 320 ملین روپے کی ٹیکس چوری کا مقدمہ درج
درج کرایا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے شوگر ڈویلپمنٹ سیس کے فنڈز سے سڑکوں کی تعمیر کا ٹینڈر روک دیا، عدالت نے انڈس شوگر ملز کی درخواست پر شوگر ڈویلپمنٹ سیس کے فنڈز سے کی درخواست پر شوگر ڈویلپمنٹ سیس کے فنڈز سے سڑکوں کی تعمیر و بہتری کے لیے جاری ای ٹینڈر اور متعلقہ کارروائی آئندہ سماعت تک روک دی،عدالت نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو آئندہ سماعت سے قبل تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی، عدالت نے ڈپٹی کمشنر راجن پور اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران کو مکمل ریکارڈ سمیت ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا، عدالت نے کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن، اجلاسوں کی کارروائی، فنڈز کی تقسیم کے فیصلے، متعلقہ خط و کتابت، ترقیاتی منصوبوں اور ٹینڈرنگ کے عمل کا مکمل ریکارڈ بھی طلب کرلیا،عدالت نے سپرنٹنڈنگ انجینئر ہائی وے سرکل ڈیرہ غازی خان کی جانب سے 9 اکتوبر 2026 کو جاری کردہ ای ٹینڈر نوٹس اور کمیٹی کی جانب سے شروع یا مجوزہ تمام بعد کی کارروائی آئندہ سماعت تک معطل رکھنے کا حکم دے دیا، عدالت نے قرار دیا کہ اگر ٹینڈرنگ کا عمل جاری رہا تو تیسرے فریق کے حقوق پیدا ہونے اور مستقبل میں عدالتی فیصلے پر عمل درآمد میں پیچیدگیاں پیدا ہونے کا خدشہ ہے، انڈس شوگر ملز لمیٹڈ کی درخواست پر عدالت نے قرار دیا کہ شوگر ڈویلپمنٹ سیس کے تحت جمع ہونے والے عوامی فنڈز کی تقسیم اور استعمال متعلقہ قانونی قواعد کے مطابق ہونا ضروری ہے،درخواست گزار کے وکیل احمد رضا ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ پنجاب شوگرکین ڈویلپمنٹ سیس رولز 1964 کے رول 9 (اے ون) کی شق 9 کے تحت ڈویژنل شوگرکین ڈویلپمنٹ سیس کمیٹی کی تشکیل میں متعلقہ حلقے کے رکن صوبائی اسمبلی کی شمولیت لازمی ہے، تاہم انڈس شوگر ملز کے علاقے سے منتخب ایم پی اے محمد اویس دریشک کو کمیٹی میں شامل نہیں کیا گیا،وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ قانونی تقاضے پورے کیے بغیر تشکیل دی گئی کمیٹی کی جانب سے فنڈز کی تقسیم اور ترقیاتی منصوبوں کی منظوری قانونی طور پر قابلِ اعتراض ہے، درخواست گزار نے متعلقہ حکام کو متعدد بار اس بے ضابطگی کی نشاندہی کی لیکن اس کا ازالہ نہیں کیا گیا،جسٹس جواد حسن نے قرار دیا کہ یہ معاملہ محض انتظامی اختلاف نہیں بلکہ ایک قانونی سوال ہے کہ آیا شوگر ڈویلپمنٹ سیس کے فنڈز استعمال کرنے والی کمیٹی کی تشکیل متعلقہ قوانین کے مطابق ہوئی ہے یا نہیں، قانون میں کسی ادارے کی تشکیل کا مخصوص طریقہ مقرر ہو تو انتظامی حکام اس سے انحراف نہیں کر سکتے۔
لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس شہرام سرور چوہدری نے پرندوں اور جانوروں کے تحفظ کیلئے کئے گئے اقدامات پر مشتمل دو سال کی مفصل رپورٹ سمیت سینئر افسر محکمہ لائیو سٹاک کو طلب کرلیا،عدالت نے پرندوں اور جانوروں کی زندگیوں کو محفوظ نہ بنانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ لائیو سٹاک کے اقدامات پر عدم اطمینان ظاہر کر دیا،عدالت نے استفسار کیا کہ پرندوں اور جانوروں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے کیا اقدامات کئے گئے؟عدالت نے ریمارکس دئیے کہ دو سال پہلے شہر میں چڑیوں کے چہچہانے کی آوازیں آتی تھیں، اب کبھی کسی نے ان پرندوں کے چہچہانے کی آوازیں سنیں؟ صبح صبح پرندوں کے چہچہانے کی آوازیں بھی ختم ہوتی جا رہی ہیں،پرندوں کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے،عدالت نے اس نوعیت کی تمام درخواستیں یکجا کرنے کی سفارش کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس ہائیکورٹ کو بھجوا دی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد 3ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوںکی خدمات وفاقی حکومت کے سپرد کردی گئیں ، نوٹیفیکیشن کے مطابق نوید اختر کو پریذائیڈنگ آفیسرلاہور،محمد اجمل خان راجہ کو جج بینکنگ کورٹ سیالکوٹ اورتجمل حسین کو بینکنگ کورٹ ساہیوال میں تعینات کردیا گیا۔



