نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہوگا، رانا ثنا اللہ
اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اصل مسئلہ ہے، بلدیاتی اداروں کو آئینی تحفظ ملنا چاہیے، وزیراعظم کے مشیر

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ پارلیمنٹ میں ہونا ہے، جبکہ ریفرنڈم کے انعقاد اور اس میں پوچھے جانے والے سوال کا تعین بھی پارلیمنٹ ہی کرے گی۔
جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر قانون سازی ابھی کرلی جائے اور اس پر عمل درآمد اگلے انتخابات کے بعد ہو تو کیا یہ قابلِ عمل ہوگا؟ پارلیمنٹ ہی وہ فورم ہے جہاں ریفرنڈم کے انعقاد اور اس کے سوال سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر ڈیڑھ ماہ تک تمام جماعتیں مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتیں کرتی رہیں۔ ترمیم کی ایک ایک شق پر بحث ہوئی اور پھر اتفاقِ رائے پیدا کیا گیا۔ 27ویں ترمیم کے ذریعے آئینی عدالت کا قیام دراصل 26ویں ترمیم کے نامکمل ایجنڈے کا حصہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ترمیم کو پارلیمنٹ میں لانے سے پہلے مطلوبہ تعداد پوری کرنے کے بعد مشاورت کے حق میں ہے، تاہم 28ویں ترمیم کے حوالے سے ابھی حکومت نے کوئی تیاری یا مشاورت شروع نہیں کی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے ذریعے اختیارات وفاق سے صوبوں کو منتقل ہوئے، لیکن صوبوں نے یہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہیں کیے۔ اصل مسئلہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی ہے، جسے صوبوں کے ذریعے، چھوٹے انتظامی یونٹس یا بلدیاتی نظام کے تحت حل کیا جاسکتا ہے۔ ان کے مطابق این ایف سی کی طرز پر صوبائی مالیاتی کمیشن (پی ایف سی) قائم کیا جائے اور فنڈز یونین کونسلوں تک پہنچائے جائیں تو اختیارات بھی نچلی سطح پر منتقل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آئینی تحفظ کے بغیر بلدیاتی ادارے کیسے مضبوط ہوسکتے ہیں؟
مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے باہر جنریٹر اور سکیورٹی کیبن کے معاملے پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ اس وقت پاکستان کا اصل مسئلہ دہشت گردی ہے، نہ کہ مولانا فضل الرحمان کے گھر کے باہر رکھا جنریٹر۔ ہمیں ملک کو درپیش مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔ ان کے بقول مولانا فضل الرحمان سے اختلافِ رائے کے باوجود مکالمہ کیا جاسکتا ہے اور اگر آمدورفت میں کوئی رکاوٹ ہے تو انہیں کیبن اور جنریٹر ہٹانے کی درخواست کی جاسکتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ وہ متعدد بار مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ جاچکے ہیں، وزیراعظم اور محسن نقوی بھی وہاں جاتے رہے ہیں، تاہم انہیں کبھی سکیورٹی کیبن یا جنریٹر سے رکاوٹ محسوس نہیں ہوئی۔ وہ دوبارہ جاکر جائزہ لیں گے کہ آیا یہ چیزیں واقعی آمدورفت میں رکاوٹ ہیں یا نہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم یا کسی دوسرے رکن نے مولانا فضل الرحمان کو جاری کیے گئے نوٹسز پر بات نہیں کی۔ انہوں نے خود یہ مؤقف اختیار کیا تھا کہ مولانا کی رائے سے اختلاف کیا جاسکتا ہے، لیکن اختلاف کا اظہار احترام کے ساتھ ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ مولانا فضل الرحمان سے بھی گزارش کریں گے کہ اپنے جذبات اور غصے پر قابو رکھیں۔ جس انداز میں وہ چیلنج کرتے اور تلخ کلامی کرتے ہیں، وہ بھی مناسب نہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ وزیراعظم کی سطح پر مداخلت ہو اور دونوں جانب سے ایک دوسرے کا احترام برقرار رکھا جائے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں کے معاملے پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما ملاقاتوں کے غلط استعمال سے گریز کریں تو ملاقاتیں دوبارہ شروع ہوسکتی ہیں۔ سلمان صفدر کی ملاقات کے بعد بھی اس حوالے سے مسئلہ پیدا ہوا اور ان کے حوالے سے بلڈ پریشر بڑھنے کی بات کی گئی، جو درست نہیں۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو بلڈ پریشر بڑھنے کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج معالجے میں کوئی کوتاہی نہیں کی جارہی اور ڈاکٹرز جو بھی تجویز کریں گے، اس پر فوری عمل کیا جائے گا۔ ان کے بقول ماضی میں بھی علاج معالجے کے معاملے میں کوئی غفلت نہیں برتی گئی۔



