راولپنڈی میں اینکرپرسن رابعہ احسن گھر میں فائرنگ سے جاں بحق، شوہر گرفتار
مبینہ طور پر حادثاتی فائرنگ کا دعویٰ، پولیس نے اسلحہ قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں؛ آصفہ بھٹو کا شفاف تحقیقات کا مطالبہ

راولپنڈی: نجی ٹی وی کی اینکرپرسن رابعہ احسن اتوار کو راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد میں اپنے گھر میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئیں۔ پولیس نے واقعے کے بعد ان کے شوہر کو حراست میں لے کر مبینہ طور پر استعمال ہونے والا اسلحہ قبضے میں لے لیا ہے۔
سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) حسن مشتاق سکھیرا کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ سی پی او، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایس پی انویسٹی گیشنز پولیس ٹیم اور فرانزک ماہرین کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور شواہد کا جائزہ لیا۔
پولیس کے مطابق گھر میں موجود ایک ملازم نے بتایا کہ مقتولہ کے شوہر کا کہنا تھا کہ گولی حادثاتی طور پر چلی۔ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیمیں جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے اور میرٹ پر تحقیقات یقینی بنائی جائیں گی۔
دوسری جانب خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے رابعہ احسن کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے حقائق سامنے لانے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے جامع، غیر جانب دار اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
آصفہ بھٹو نے اسی شہر میں ایک اور پیشہ ور خاتون کے قتل کے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ 45 سالہ حنا جاوید کے قتل کا حوالہ بھی دیا، جن کی لاش رواں سال اگست میں راولپنڈی میں ان کی رہائش گاہ سے تشدد کے نشانات کے ساتھ ملی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات سنجیدہ توجہ اور جواب دہی کے متقاضی ہیں اور خواتین کو اپنی جان کے خوف کے بغیر زندگی گزارنے اور کام کرنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔
خاتونِ اول نے حنا جاوید قتل کیس کی تحقیقات کے نتائج سامنے نہ آنے پر بھی تشویش ظاہر کی۔ دستیاب ڈی این اے تجزیاتی رپورٹ کے مطابق حنا کے گھریلو ملازم کے ڈی این اے نمونے ان کے جسم سے حاصل کیے گئے پوسٹ مارٹم نمونوں سے مطابقت رکھتے تھے، جبکہ ان کے شوہر کا ڈی این اے بھی جائے وقوعہ سے حاصل کی گئی متعدد اشیا کے نمونوں سے میچ ہوا تھا۔
بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا تھا کہ ڈی این اے اور پولی گراف ٹیسٹ کے نتائج سے قتل اور زیادتی میں ملازم کے ملوث ہونے کا اشارہ ملتا ہے، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔
آصفہ بھٹو نے 29 اکتوبر کو پارلیمنٹ میں حنا جاوید کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی تھی اور ان کے مطالبے پر جوڈیشل کمیشن کے قیام کی درخواست پر مناسب غور کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔



