Businesslatest news

قومی خزانے میں 6.2 کھرب روپے واپس جمع کرانے پر نیب کو خراج تحسین

لاہور (رانا فرید) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کے صدر ابراہیم حسن مراد نے قومی خزانے میں 6.2 کھرب روپے واپس جمع کرانے پر قومی احتساب بیورو (نیب) کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے قومی دولت کے تحفظ اور بدعنوانی کے خلاف جدوجہد میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں یو ایم ٹی اور نیب کے درمیان تعلیمی و آگاہی سرگرمیوں کے فروغ اور کرپشن کے خلاف قومی سطح پر شعور اجاگر کرنے کے لیے تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ صرف قانونی کارروائیوں سے ممکن نہیں، بلکہ اس کے لیے معاشرے میں دیانت داری، شفافیت اور قانون کی بالادستی کا شعور پیدا کرنا بھی ضروری ہے۔ نوجوان نسل میں اخلاقی اقدار اور قومی وسائل کے تحفظ کا احساس اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جامعات تعلیم و تحقیق کے ساتھ سماجی اصلاح اور بدعنوانی کے خلاف آگاہی پیدا کرنے میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔ کرپشن فری پاکستان کے قیام کے لیے نیب اور تعلیمی اداروں کے درمیان اشتراک اہمیت رکھتا ہے۔

چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ نے کہا کہ قومی دولت کی واپسی اور تحفظ نیب کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ بدعنوانی کے خلاف جدوجہد میں نوجوانوں کی شمولیت ناگزیر ہے اور تعلیمی ادارے شفافیت و دیانت داری کی اقدار کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بدعنوانی کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے لیے ابراہیم حسن مراد کی کوششوں کو سراہتے ہوئے تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات میں شفافیت، میرٹ اور قانون کی بالادستی کے فروغ کے لیے تعلیمی اداروں اور نیب کے درمیان تعاون مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button