سموگ کی وجہ سے سانس لینا دوبھر ہو چکا ہے،چودھری سرور
لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر بن چکا،ماحولیاتی آلودگی فقط پالیسیاں بنانے اور بیانات جاری کرنے سے ختم نہیں ہوگی، سابق گورنر پنجاب کا بیان

لاہور (6نومبر2026ء)سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ علم کی خدمت،بزرگانِ دین اور خوش خوراکی کی شہرت رکھنے والا شہر لاہور آج دنیا کا آلودہ ترین شہر بن چکا ہے،ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے سانس لینا دوبھر ہو چکا ہے اور سانس کی بیماریاں عام ہیں.
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو دہائیوں سے سموگ نامی بیماری نے لاہور شہر کے آس پاس اپنے پنجے گاڑے ہوئے ہیں۔اب تک کی ہر حکومت سموگ سے نجات دلانے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ ماحولیاتی آلودگی فقط پالیسیاں بنانے اور بیانات جاری کرنے سے ختم نہیں ہوگی۔
صاف ہوا میں سانس لینا ہر شہری کا بنیادی آئینی و انسانی حق ہے اور صاف ماحول آنے والی نسلوں کی امانت ہے۔عوامی شمولیت کے ساتھ ایک جامع پلان مرتب کرنا ہوگا اور ماحولیاتی آلودگی کے ماہرین کی مدد لینا ہوگی۔
نمائشی اور وقتی اقدامات کے بجائے آلودگی کے مستقل خاتمے کیلئے فوری طور پر جامع اور طویل المیعاد پالیسی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ جنگلات اور درخت کاٹنے کے قومی اور انسانی جرم کی وجہ سے آج ہم دنیا کا آلودہ ترین ملک بن چکے ہیں اور گلوبل وارمنگ کی فہرست میں سر فہرست ہیں۔



