latest newsPakistan

لاہور ہائی کورٹ میں مقدمات کی سماعت اور فیصلے

رپورٹ: مبشرحسن

لاہور ہائیکورٹ نے سینئر سول ججوں کو ایڈیشنل سیشن جج کے عہدوں پر ترقی دینے کا فیصلہ کرلیا ، 93 سینئر سول ججوں کی فہرست کلیرنس کیلئے سکیورٹی اداروں کو بھجوا دی گئی ، جس کے بعد ججوں کو ترقی دی جائیگی ، فہرست میں سینئر سول جج شیخوپورہ عبد الکریم ،محمد کاشف عثمان شبیر، ملک عظمت اللہ اعوان ، محمد جواد عالم قریشی، محمد امین شہزاد ،محمد مظہر، نذر عباس گوندل، شاہد نواز کھچی ،فیض احمد رانجھا، محمد سلیم شیخ، شہزاد احسان بٹ ، محمد نوازش خان چوہدری، محمد عنایت گوندل ،عبد الستار بوسال، برکت علی، شبیر حسین ،جاوید اقبال، عامر منظور، محمد شہباز، حسنین عباس کاظمی، احسن یعقوب ثاقب کے نام شامل ہیں۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے لاپتہ مقدس بی بی کی بازیابی کی درخواست پر آئی جی پنجاب راؤ عبد الکریم کو خواتین کی بازیابی سے متعلق تفصیلی پیش رفت رپورٹ سمیت 11 نومبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا، ڈی آئی جی کرائم نے عدالت میں داخل رپورٹ میں موقف اپنایا کہ پنجاب میں 462 خواتین کو تاحال بازیاب کرانا باقی ہے، جبکہ 2021 میں لاپتہ ہونے والی چار خواتین بھی ابھی بازیاب نہیں ہو سکیں، غفلت کے مرتکب پنجاب بھر کے تفتیشی افسران کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں جبکہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب لاپتہ خواتین کی بازیابی کے لیے قائم ٹیم کی نگرانی کر رہے ہیں،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ نے لاپتہ خواتین کے معاملے پر ایسے شخص کو لگا دیا ہے جو پہلے ہی بہت مصروف رہتا ہے، اس نے کام کیا کرنا ہے؟ وہ صاحب تو ٹک ٹاک بناتے رہتے ہیں، انہوں نے کام کب کرنا ہے؟ کیا پولیس افسر کا ٹک ٹاک بنا کر اپ لوڈ کرنا سروس رولز میں شامل ہے؟ کیا ٹک ٹاک بنانے کی رولز میں اجازت ہے؟ ڈی آئی جی کرائم نے عدالت کو بتایا کہ اب پولیس یونیفارم میں کوئی ٹک ٹاک نہیں بناتا، جو پولیس اہلکار ٹک ٹاک بناتا ہے اس کے خلاف فوری کارروائی کی جاتی ہے، عدالت نے ریمارکس دئیے کہ جو شخص اپنی ذاتی نمائش سوشل میڈیا پر کرتا ہے، اس نے کام کیا کرنا ہے؟ ایسے افسران نے کیا کام کرنا ہے جو ٹک ٹاک پر نمائش کرتے ہیں،4 سال سے لاپتہ افراد بازیاب نہیں ہوئے ، کیا کبھی ٹک ٹاک بنانے والے افسران کیخلاف کارروائی ہوئی؟ کیا سروس رولز افسران کو ٹک ٹاک بنانے کی اجازت دیتے ہیں؟ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل وقاص عمر سیال نے بتایا کہ ڈی آئی جی لیگل نے ایسے افسران کیخلاف کارروائی کی ہے،جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ سب دکھاوے کی کارروائی ہے،
عدالت نے 2026 میں لاپتہ افراد کا ڈیٹا پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہایہ پولیس کی کارکردگی ہے ؟ عدالت نےچیف جسٹس نے پولیس کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھا دیا ، عدالتی حکم پر آئی جی کی طرف سے 2021 سے اب تک لاپتہ افراد کی رپورٹ پیش کر دی گئی، رپورٹ میں بتایاگیا کہ 5 سالوں میں 14 ہزار3 سو افراد لاپتہ ہوئے ،452 ابھی تک بازیابی نہیں ہوئے ، مسنگ افراد کو بازیاب نہ کروانے پر متعلقہ ائی اوز کو شوکاز نوٹس دے دئے گئے ہیں ،عدالت نے استفسار کیا کہ 2026 میں کتنے افراد لاپتہ ہوئے؟ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ چنرل پنجاب وقاص عمر سیال نے استدعا کی کہ تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کے لئے مہلت د ی جائے،عدالت کے استفسار پر اسسٹنٹ ایڈووکیٹ چنرل نے بتایا سب سے زیادہ لاپتہ افرادراولپنڈی،سیالکوٹ اور ننکانہ میں ہوئے،ان کے بارے میں پولیس ایپ پر ڈیٹا اپ لوڈ کر دیا گیا ہے ،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ زیادہ تر لوگوں کو ایپ کا علم نہیں ہے، یہ تشویشناک صورتحال ہے،
ڈی آئی جی انوسٹی گیشن نے موقف اپنایا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے پولیس ٹیم کام کر رہی ہے،ڈی آئی جی مصروف رہتے ہیں انکے پاس اتنا وقت کہاں ہے کہ لاپتہ افراد کو ٹریس کر سکیں؟

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد ابن عزیز نے چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2026 کے ماضی سے اطلاق کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے قانون کے نفاذ سے قبل ہونے والی شادی کے معاملے میں لڑکی کو کم عمر قرار دے کر دارالامان بھیجنے بارے سیشن کورٹ خوشاب کا 20 مئی 2026 کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا،عدالت نے قرار دیا ہے کہ کسی نئے قانون کا اطلاق اس کے نفاذ سے قبل ہونے والے واقعات پر نہیں کیا جا سکتا اور قانون کو ماضی سے لاگو کر کے کسی کے خلاف کارروائی کی بنیاد نہیں بنایا جا سکتا، عدالت نے کرن کو اپنی آزاد مرضی کے مطابق جہاں چاہے رہنے اورزندگی گزارنے کی اجازت دے دی، عدالت نےوالد احمد شیر کی آئینی درخواست مسترد کردی،عدالتی فیصلے کے مطابق چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2026 کا نفاذ 11 مئی 2026 کو ہوا، جبکہ کرن شاہین کا نکاح 18 اپریل 2026 کو ہوا تھا، اس طرح نکاح نئے قانون کے نفاذ سے پہلے انجام پایا، عدالت نے قرار دیا کہ قانون کے نفاذ سے قبل ہونے والی شادی پر نئے قانون کا اطلاق نہیں ہوسکتا اور اسے سابقہ تاریخ سے لاگو کرنا قانونی اصولوں کے منافی ہے،فیصلے میں کہا گیا کہ سیشن کورٹ خوشاب نے کرن شاہین کو سولہ سال سے کم عمر قرار دے کر دارالامان بھیجنے کا حکم دیا تھا، تاہم لڑکی نے مجسٹریٹ کے روبرو بیان دیا کہ اس نے اپنی آزاد مرضی سے شادی کی اور اسے کسی نے اغوا نہیں کیا، لڑکی نے اپنے والد کے ساتھ جانے سے بھی انکار کرتے ہوئے شوہر کے ساتھ رہنے کی خواہش ظاہر کی تھی،عدالت نے قرار دیا کہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 552 کے تحت کارروائی کیلئے اغوا اور سولہ سال سے کم عمر ہونے سے متعلق قانونی تقاضوں کا جائزہ لینا ضروری ہے، اگر مبینہ مغویہ عدالت میں اپنی کم عمری کے الزام کی تردید کر دے تو دفعہ 552 کے تحت کارروائی جاری نہیں رکھی جا سکتی،کسی لڑکی کو غیر معینہ مدت تک دارالامان میں رکھا نہیں جاسکتا ہے ، لڑکی کو اسکی مرضی کے خلاف دارالامان میں رکھنا قانونی تقاضوں کے منافی ہے، کسی قانون کو ماضی سے نافذ کر کے کسی شخص کے خلاف کارروائی کی بنیاد نہیں بنایا جا سکتا، چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2026 کے نفاذ سے پہلے ہونے والے نکاح پر اس قانون کا اطلاق کر کے لڑکی کو کم عمر قرار دینا اور دارالامان بھیجنا درست نہیں تھا۔

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عبہر گل خان نے انشورنس کمپنی کا جعلی منیجر بن کر شہریوں سے لاکھوں روپے کا فراڈ کرنے کے ملزم ارشاد علی کی ضمانت خارج کرتے ہوئے گرفتاری کا حکم دے دیا،وکیل آصف چٹھہ نے موقف اپنایا کہ ملزم شہریوں کو جعلی رسیدیں دیتا اور انشورنس منیجر بن کر رقم وصول کرتا تھا،ملزم کی جانب سے دیا گیا 33 لاکھ روپے کا چیک بھی کیش نہیں ہو سکا، جس پر مقدمہ درج کرایا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس ملک وقار حیدر اعوان نےقرار دیا ہے کہ آن لائن خریداری آرڈر منسوخ ہونے پر صارف سول عدالت کے بجائے کنزیومر کورٹ سے رجوع کرے گا، آن لائن خریداری کے لیے ادائیگی کرنے والا شخص صارف کے زمرے میں آتا ہے اور خریدی گئی اشیا کی عدم فراہمی سے اس کی قانونی حیثیت ختم نہیں ہوتی، تحریری فیصلے میں عدالت نے قرار دیا کہ آن لائن آرڈر منسوخ ہونے اور رقم واپس ملنے کے باوجود کنزیومر کورٹ کا دائرہ اختیار برقرار رہتا ہے، جبکہ ہرجانے کا دعویٰ جنرل ڈیمیجز کا نام دے کر سول عدالت میں دائر نہیں کیا جا سکتا،صارف اور فروخت کنندہ کے درمیان تنازع کا فیصلہ کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کے تحت ہوگا اور ہرجانے کی اصطلاح استعمال کرنے سے عدالت کا دائرہ اختیار تبدیل نہیں ہوگا، عدالت نے سفائر سے آن لائن کپڑوں کی خریداری کے تنازع میں دائر آئینی درخواست خارج کر دی، فیصلے کے مطابق شہری نے 6 ہزار 480 روپے کی آن لائن خریداری کے بعد 21 لاکھ 16 ہزار 480 روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا، عدالت نے قرار دیا کہ آن لائن آرڈر منسوخ ہونے پر ذہنی اذیت اور ہرجانے کا دعویٰ بھی کنزیومر کورٹ میں سنا جائے گا،عدالت نے سول عدالت کی جانب سے دعویٰ واپس کرنے اور اپیل خارج کرنے کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے قرار دیا کہ صارفین کے تنازعات میں متعلقہ فورم کا تعین دعوے کی نوعیت سے ہوگا۔

لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس چوہدری محمد اقبال نے مانگا منڈی میں پاسپورٹ آفس کے قیام کیلئے وفاقی حکومت سے آج جواب طلب کرلیا ،
درخواست گزار کے وکیل احمد عبدللہ نے موقف اپنایا کہ مانگا منڈی کے شہری پاسپورٹ بنوانے کے لیے لاہور کے دور دراز دفاتر جانے پر مجبور ہیں، مزدوروں، طلبہ، تاجروں اور بیرون ملک جانے کے خواہش مند شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، مانگا منڈی میں پاسپورٹ آفس کا قیام عوامی ضرورت ہے، پاسپورٹس ایکٹ 1974 اور پاسپورٹ رولز 2022 کے تحت مانگا منڈی کے شہریوں کیلئے پاسپورٹ سہولیات فراہم کی جائیں، شیخ لطیف شاہد نے 7 مئی 2026 کو بھی پاسپورٹ آفس کے قیام کیلئے متعلقہ حکام کو درخواست دی تھی، جس پر عمل نہیں ہوا۔

صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے پنجاب میں سرکاری قانونی نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے لاء افسران میں جدید ٹیبلیٹس تقسیم کر دئیے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ آج سے سرکاری قانونی امور کی ڈیجیٹلائزیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، کاغذات کی فائلیں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہونے کے دوران ریکارڈ متاثر یا ضائع ہونے کا خدشہ رہتا ہے، اس لیے سرکاری امور میں کاغذ کا استعمال کم کرکے پیپر لیس نظام کی طرف بڑھ رہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر 120 لاء افسران کو ٹیبلیٹس فراہم کیے جا رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ لیٹیگیشن مینجمنٹ سسٹم (LMS) سرکاری قانونی امور کی ڈیجیٹلائزیشن میں اہم سنگ میل ہے، ڈیجیٹل نظام سے سرکاری مقدمات کی تیاری، نگرانی اور بروقت پیروی میں بہتری آئے گی جبکہ فائلوں کی نقل و حرکت اور غیر ضروری تاخیر میں کمی ہوگی، رانا محمد اقبال خان نے لاء افسران پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے سرکاری مقدمات کی مؤثر پیروی یقینی بنائیں اور اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دیں، انہوں نے کہا کہ عوام کو لاء افسران سے بڑی توقعات وابستہ ہوتی ہیں اور انہیں انصاف کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، تمام فیصلے قانون کے مطابق ہونے چاہئیں، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا کہ لاء افسران کو ای فورس پر منتقل کرنے کے لیے تربیت کا سلسلہ جاری ہے، پی آئی ٹی بی کے سافٹ ویئر سے بہترین نتائج سامنے آ رہے ہیں اور دو ماہ میں قانونی نظام مکمل طور پر پیپر لیس کر دیا جائے گا، تقریب میں سیکرٹری قانون بلال آصف لودھی، ایڈیشنل ایڈووکیٹس جنرل خالدہ پروین، سمیعہ خالد، شاہ زین عبداللہ، سارہ مجید اور بڑی تعداد میں لاء افسران نے شرکت کی۔
8
لاہور( کورٹ رپورٹر)
ٹک ٹاکر پتلو کےبھائی محمد کاشف نے پولیس کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا، رجسٹرار آفس نےدرخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا متعلقہ فورم سے رجوع کئے بغیر ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا ،جسٹس علی ضیاء باجوہ نے بھی رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست نمٹا دی، درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ پولیس نے گھر پر قبضہ کر کے اہلِ خانہ کو نکال دیا، پولیس مزید جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی دھمکیاں دے رہی ہے، پولیس کی کارروائیاں آئین کے آرٹیکل 4 کی خلاف ورزی ہیں، ایک ایف آئی آر کے سوا کوئی مقدمہ نہیں، دونوں بھائی ضمانت پر ہیں، تاہم ڈسکہ عدالت سے ملنے والی عبوری ضمانت 10 نومبر 2026 تک ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جج چیف جسٹس سلطان محمود7سال کی بچی کو باپ سے لیکر ماں کے حوالے کرنے کا حکم سنادیا، روتی ہوئی بچی نے ماں کے ساتھ جانے سے انکار کرتےہوئے باپ کے ساتھ رہنے پراصرار کیا ، ماں بچی کو لیکر روانہ ہو گئی ۔

لاہور ہائیکورٹ میں کےجسٹس محمد جواد ظفر نے نجی ہوٹل کمپنی کے سالانہ اجلاس میں مبینہ ہنگامے کے الزام میں تھانہ گلبرگ میں درج ایف آئی آر منسوخ کرنیکا حکم دیدیا،عدالت نےمجسٹریٹ اور ایڈیشنل سیشن جج کےدونوں احکامات کالعدم قرار دے دیئے،
ایف آئی آر کیمطابق خاتون کے بیٹے پر دھمکی دینے، گریبان پکڑنے اور کپڑے پھاڑنے کے الزامات لگائے گئے تھے پولیس نے کیس کی کینسلیشن رپورٹ پیش کی تھی، تاہم مجسٹریٹ نے اس سے اختلاف کرتے ہوئے ملزموں کو طلب کر لیا تھا سیشن کورٹ نے اس حکم کے خلاف دائر ریویژن بھی مسترد کر دی تھی، عدالت نے فیصلہ میں قرار دیا کہ مجسٹریٹ پولیس رپورٹ سے اختلاف کر سکتا ہے، مگر ملزم کی طلبی ریکارڈ پر موجود قابلِ اعتراض مواد کی بنیاد پر ہونی چاہیے، محض شکایت کنندہ کے الزامات پر نہیں عدالت کے مطابق طلبی کا حکم میکانکی انداز میں یا شکایت کنندہ کو الزامات کھنگالنے کا فورم فراہم کرنے کے لیے جاری نہیں کیا جا سکتا، کسی کا میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹ ریکارڈ پر موجود نہیں اور تشدد کا الزام صرف شکایت کنندہ کے بیان پر مبنی ہے سی سی ٹی وی فوٹیج کے بارے میں عدالت نے کہا کہ اس کا ماخذ، محفوظ تحویل اور شناخت ثابت نہیں ہوئی، اس لیے اسے غیر تصدیق شدہ قرار دیا گیا،عدالت نے وضاحت کی کہ فیصلے میں کئے گئے مشاہدات عارضی نوعیت کے ہیں اور فریقین کے دیگر مقدمات پر اثر انداز نہیں ہوں گے۔

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ فلک جاوید کی درخواست ضمانت پر سماعت 10 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے پراسیکیوشن کو مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ دوران سماعت پراسیکیوشن نے مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے آئندہ تاریخ پر مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ ضلع کچہری نے جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کے ذریعے 35 ارب روپے کے مبینہ فراڈ کے مقدمے میں
ملزم نعیم اکرم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے جبکہ فہیم اکرم کے جسمانی ریمانڈ میں 10 نومبر تک توسیع دینے کا حکم دے دیا، تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان اگست 2023 سے ’’لیبلز بینک‘‘ کے نام سے ویب سائٹ چلا رہے تھے اور ملزمان کی جانب سے 50 لاکھ سے زائد جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کئے گئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button