latest newsWorld

کولنز ڈکشنری نے ’ماگنگ‘ کو 2026 کا لفظ قرار دے دیا

کولنز ڈکشنری نے انٹرنیٹ پر مقبول اصطلاح ’ماگنگ‘ (Mogging) کو 2026 کا لفظ منتخب کر لیا ہے، جس کا مطلب کسی دوسرے شخص کے مقابلے میں زیادہ پُرکشش، بااعتماد، باصلاحیت یا برتر نظر آنا ہے۔

ماگنگ کی اصطلاح عموماً ظاہری خوبصورتی اور شخصیت میں دوسروں پر برتری ظاہر کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہے، تاہم اس کا مفہوم صرف شکل و صورت تک محدود نہیں بلکہ اعتماد، سماجی حیثیت اور صلاحیت میں دوسروں کو پیچھے چھوڑنا بھی اس میں شامل ہے۔

کولنز ڈکشنری کے مطابق 2026 کے دوران اس اصطلاح کے استعمال میں 210 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ڈکشنری کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ لفظ غالباً ’ایم او جی‘ (AMOG) یعنی ’الفا میل آف دی گروپ‘ (Alpha Male of the Group) سے ماخوذ ہے، جس سے مراد کسی گروپ کا سب سے نمایاں یا طاقتور مرد ہے۔

یہ اصطلاح تقریباً 2016 میں باڈی بلڈنگ کے حلقوں میں استعمال ہونا شروع ہوئی، جہاں اسے جسمانی طور پر زیادہ طاقتور اور نمایاں مرد کے لیے بولا جاتا تھا، تاہم بعد ازاں یہ انٹرنیٹ پر بھی مقبول ہوگئی۔

کولنز ڈکشنری کے مطابق جنریشن زی اور جنریشن الفا کے نوجوان اب اس اصطلاح کو مزاحیہ اور طنزیہ انداز میں تقریباً ہر چیز کے لیے استعمال کرتے ہیں، خواہ بات کسی شخص کی ہو، ویڈیو کی یا کسی دوسری چیز کی۔

کولنز ڈکشنری کے منیجنگ ڈائریکٹر ایلکس بیک کرافٹ نے کہا ہے کہ ماگنگ کو سال کا لفظ منتخب کرنا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہر نسل زبان پر اپنا نشان چھوڑتی ہے۔

واضح رہے کہ اکتوبر کے آخر میں ڈکشنری ڈاٹ کام نے ’میکسنگ‘ (Maxxing) کو 2026 کا لفظ قرار دیا تھا، جبکہ 2025 میں کولنز ڈکشنری نے ’وائب کوڈنگ‘ (Vibe Coding) کو سال کا لفظ منتخب کیا تھا۔

کولنز ڈکشنری کی جانب سے سال کے لفظ کے انتخاب کے لیے مرتب کردہ مختصر فہرست میں ’گھوسٹ جابز‘ (Ghost Jobs)، ’فرینڈز سلوپ‘ (Friendslop)، ’کار اسپریڈنگ‘ (Carspreading)، ’فرائسی‘ (Fricy) اور ’بیکسی‘ (Bixie) جیسی اصطلاحات بھی شامل تھیں۔

دو مختلف ڈکشنریوں کی جانب سے انٹرنیٹ پر جنم لینے والی اصطلاحات کو سال کے الفاظ منتخب کرنا اس رجحان کی نشاندہی کرتا ہے کہ ڈیجیٹل دنیا کی زبان تیزی سے روزمرہ بول چال کا حصہ بن رہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button