انرجی ڈرنکس کا زیادہ استعمال نوجوانوں میں دل کے دورے اور کارڈک اریسٹ کا خطرہ بڑھا سکتا ہے، تحقیق

واشنگٹن: انرجی ڈرنکس کا بڑھتا ہوا استعمال نوجوانوں کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔ امریکی طبی تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ کیفین سے بھرپور انرجی ڈرنکس اور جسمانی توانائی بڑھانے والے سپلیمنٹس نوجوانوں میں اچانک حرکت قلب بند ہونے (کارڈک اریسٹ) اور ہارٹ اٹیک کے خطرے میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔
یونیورسٹی آف ورجینیا اسکول آف میڈیسن کی تحقیق میں امریکی ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کی 2017 سے 2025 کے دوران جمع کی گئی 28 ہزار سے زائد رپورٹس کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔
محققین کے مطابق 18 سے 34 سال کی عمر کے افراد میں دل کی صحت سے متعلق مسائل کے باعث اسپتال پہنچنے کے 45 فیصد کیسز میں انرجی ڈرنکس یا توانائی بڑھانے والے سپلیمنٹس کا استعمال سامنے آیا۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ انرجی ڈرنکس عام دستیاب ہونے کے باعث بیشتر افراد انہیں بے ضرر سمجھتے ہیں، تاہم ان کا مسلسل اور زیادہ استعمال دل کی صحت کے لیے سنگین خطرات پیدا کرسکتا ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ صحت مند افراد میں کبھی کبھار استعمال سے خطرہ نسبتاً کم ہوسکتا ہے، لیکن معمول کے طور پر ان اشیا کا استعمال نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق انرجی ڈرنکس میں کیفین کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے اور مختلف طبی رپورٹس میں ان مشروبات کو دل کی دھڑکن بے ترتیب ہونے اور کارڈک اریسٹ سے منسلک کیا گیا ہے۔
امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے مطابق بیشتر بالغ افراد کے لیے روزانہ 400 ملی گرام تک کیفین کی مقدار عموماً محفوظ سمجھی جاتی ہے، تاہم بعض انرجی ڈرنکس میں ایک کپ سیاہ کافی کے مقابلے میں تین گنا، جب کہ بعض توانائی بڑھانے والے سپلیمنٹس میں 12 گنا سے بھی زیادہ کیفین ہوسکتی ہے۔
محققین کے مطابق تجزیے میں زیادہ انرجی ڈرنکس استعمال کرنے والوں میں کارڈک اریسٹ کے کیسز کی شرح 11 گنا، ہارٹ اٹیک کی ساڑھے چار گنا، دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی کی چار گنا، سینے میں تکلیف کی 2.7 گنا اور بے ہوشی کی دو گنا زیادہ پائی گئی۔
تاہم محققین یہ تعین نہیں کرسکے کہ انرجی ڈرنکس کے استعمال سے نوجوانوں میں دل کے مسائل کا خطرہ کیوں بڑھتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس تعلق کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
تحقیق کے نتائج امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے سالانہ اجلاس میں پیش کیے جائیں گے۔
اس سے قبل مایو کلینک کی ایک تحقیق میں بھی انرجی ڈرنکس اور اچانک حرکت قلب بند ہونے کے ممکنہ تعلق کا جائزہ لیا گیا تھا۔ اس تحقیق میں کارڈک اریسٹ کا سامنا کرنے والے 144 مریضوں کا جائزہ لیا گیا، جن میں سے سات افراد نے واقعے سے کچھ دیر قبل ایک یا اس سے زائد انرجی ڈرنکس استعمال کی تھیں۔
محققین نے واضح کیا کہ اس تحقیق سے انرجی ڈرنکس اور کارڈک اریسٹ کے درمیان براہ راست سبب و نتیجے کا تعلق ثابت نہیں ہوتا، تاہم انہوں نے خصوصاً امراض قلب کے خطرے سے دوچار افراد کو ان مشروبات سے گریز یا ان کا استعمال محدود کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
تحقیق کے نتائج طبی جریدے ’’ہارٹ ردہم‘‘ میں شائع ہوئے۔



