entertanmentlatest news

غلام حسین ساجد کی صدارت میں حلقہ ارباب ذوق کی شام افسانہ

عطیہ سید نے افسانہ ”سبز اندھیرا“عامر فراز نے ”جب آگ برسے گی“ ظہیر عباس نے ”قصہ ہنستے روتے کا“ پڑھا

لاہور(شہزاد فراموش) حلقہ ارباب ذوق کا خصوصی اجلاس،شام افسانہ کے عنوان سے غلام حسین ساجد کی زیر صدارت پاک ٹی ہاؤس میں ہوا۔

اس اجلاس میں نامور افسانہ نگاروں غلام عباس،سعادت حسن منٹو، عصمت چغتائی اور راجندر سنگھ بیدی کوخراج عقیدت پیش کیا گیا۔ جوائنٹ سیکرٹری شہزاد فراموش نے گزشتہ اجلاس کی کارروائی پڑھی، ایوب ندیم نے مذکورہ چاروں شخصیات پر گفتگو کی اور ان کو مقبول اوربہترین افسانہ نگار قرار دیا۔

اس کے بعدظہیر عباس نے افسانہ ”قصہ ہنستے روتے کا“ عامر فراز نے ”جب آگ برسے گی“ اور عطیہ سید نے”سبز اندھیرا“ پڑھاجنہیں حاضرین نے بے حد پسند کیا۔صاحب صدارت غلام حسین ساجد نے غلام عباس اور منٹو کو اردو افسانہ کے جن قرار دیا اور کہا کہ باقی دو بھی انتہائی اہم افسانہ نگار ہیں اور بلونت سنگھ اور احمد ندیم قاسمی کا نام بھی لیا۔

انہوں نے کہا کہ غلام عباس کے افسانے ایسے بھی ہیں جن کا اختتام نہیں۔منٹو اور عصمت چغتائی کو انہوں نے موپساں اور او ہنری کی تحریک کے لوگ قرار دیا۔ بعد ازاں انہوں نے عطیہ سید، عامر فراز اور ظہیر عباس کے افسانوں کو سراہا۔اور بتایا کہ تینوں افسانے انکی نظروں سے گزر چکے ہیں۔

بعد ازاں حیدر آباد سے آئے مہمان شاعر احمد عمران اویسی نے اپنی غزل سنائی۔اختتام پر امجد طفیل کی بھابی کے انتقال پر دعائے مغفرت کی گئی۔ سیکرٹری حلقہ آفتاب جاوید نے مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اگلے تنقیدی سیشن کے حوالے سے بتایا کہ سلمیٰ اعوان کی صدارت میں ہو گا۔اجلاس میں 100سے زائد افراد نے شرکت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button