latest newsPakistan

پاکستان میں بچوں کا آن لائن جنسی استحصال سنگین مسئلہ، ایچ آر سی پی کا اظہارِ تشویش

کمزور ادارہ جاتی رابطوں اور کم رپورٹنگ کے باعث متعدد واقعات سامنے نہیں آتے، بچوں کے تحفظ اور ملزمان کے احتساب کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ

لاہور: انسانی حقوق کمیشن پاکستان (ایچ آر سی پی) نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں بچوں کا آن لائن جنسی استحصال بدستور تحفظِ اطفال کا ایک سنگین مسئلہ ہے۔ واقعات کی کم رپورٹنگ، اداروں کے درمیان کمزور رابطوں اور حفاظتی اقدامات کی کمی کے باعث متعدد کیسز منظرعام پر نہیں آتے۔

کمیشن کی آن لائن بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس مسئلے کو محض سائبر کرائم نہیں بلکہ بچوں کے بنیادی حقوق، عزت اور تحفظ کی خلاف ورزی کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔

رپورٹ میں مؤثر تحقیقات، ادارہ جاتی تعاون اور جواب دہی کا نظام مضبوط بنانے پر زور دیا گیا ہے تاکہ بچوں کو تحفظ فراہم اور ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔

رپورٹ میں مظفرگڑھ میں 2025 کے دوران سامنے آنے والے ایک واقعے کا حوالہ بھی دیا گیا ہے، جس میں مبینہ طور پر کم از کم 50 بچوں کو ایک بین الاقوامی نیٹ ورک کے ذریعے جنسی استحصال کا نشانہ بنایا گیا۔ متاثرہ بچوں میں چھ سال یا اس سے کم عمر بچے بھی شامل تھے۔

امریکا میں قائم نیشنل سینٹر فار مسنگ اینڈ ایکسپلوئٹڈ چلڈرن کے اعدادوشمار کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان سے متعلق بچوں کے مشتبہ جنسی استحصال پر مبنی آن لائن مواد کی رپورٹس کی تعداد 2021 میں 20 لاکھ سے تجاوز کرگئی تھی۔ تاہم، یہ اعدادوشمار مشتبہ آن لائن سرگرمیوں کی رپورٹس ظاہر کرتے ہیں، انفرادی متاثرہ بچوں کی تعداد نہیں۔

ایچ آر سی پی نے بچوں کے تحفظ کے اداروں، پولیس، سائبر کرائم کے تفتیش کاروں، استغاثہ اور عدلیہ کے درمیان بہتر رابطہ کاری پر زور دیا ہے تاکہ تحقیقات مؤثر ہوں اور ذمہ دار افراد کا احتساب یقینی بنایا جاسکے۔

کمیشن کے مطابق متاثرہ بچوں کو قانونی معاونت، نفسیاتی مدد اور بحالی کی خدمات فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محض آگاہی مہمات اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے کافی نہیں، بلکہ بچوں کے تحفظ کے مؤثر نظام، اداروں کی جواب دہی اور آن لائن پلیٹ فارمز کی ذمہ داری بڑھانا ہوگی تاکہ انٹرنیٹ بچوں کے لیے زیادہ محفوظ بنایا جاسکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button