پی ٹی آئی کا خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی فوری ختم کرنے کا مطالبہ
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی رہائی، نئے انتخابات اور 26ویں و 27ویں آئینی ترامیم واپس لینے پر زور

اسلام آباد: تحریک انصاف کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کو صوبائی خودمختاری اور آئین پر حملہ قرار دیتے ہوئے اسے فوری ختم کرنے اور سہیل آفریدی کی سربراہی میں صوبائی حکومت بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں منتخب قیادت، پارٹی تنظیموں اور کارکنوں کے خلاف چھاپوں اور گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسیر رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کی جدوجہد میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اعلامیے میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی قانونی تقاضوں کے مطابق فوری رہائی، اہلِ خانہ، وکلا اور پارٹی نمائندوں سے بلا رکاوٹ ملاقاتوں اور رابطوں کی بحالی کا مطالبہ کیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی کے آزادانہ طبی معائنے اور شفا انٹرنیشنل اسپتال میں علاج سے متعلق سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل درآمد پر بھی زور دیا گیا۔
اجلاس میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں، شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور عمر چیمہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا، جبکہ ایمان مزاری اور ہادی چٹھہ سمیت سیاسی مخالفین اور وکلا کے خلاف غیر قانونی اقدامات ختم کرنے پر زور دیا گیا۔
اعلامیے میں دہشت گردی اور تمام دہشت گرد تنظیموں کی دوٹوک مذمت کرتے ہوئے امن و امان کی بگڑتی صورت حال پر تشویش ظاہر کی گئی۔ پاکستان کے دفاع میں مسلح افواج، پولیس اور عام شہریوں کی قربانیوں کا اعتراف بھی کیا گیا۔
پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت بانی پی ٹی آئی اور ریاستی اداروں کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور پارٹی کی آئینی و جمہوری جدوجہد کو غلط طور پر ریاست دشمنی کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
پارلیمانی پارٹی نے 8 فروری 2024 کے انتخابات میں عوامی مینڈیٹ بحال کرنے یا ملک بھر میں نئے، آزادانہ اور شفاف انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں 9 مئی 2023 اور 26 نومبر 2024 کے واقعات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات اور 26ویں و 27ویں آئینی ترامیم واپس لینے پر بھی زور دیا گیا۔
اعلامیے میں عدلیہ کی آزادی، آزادیٔ اظہار، پُرامن احتجاج اور قانونی کارروائی کے بنیادی حقوق کی بحالی کا مطالبہ کیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی کی مقرر کردہ پارلیمانی اور پارٹی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی، علامہ راجہ ناصر عباس، بیرسٹر گوہر علی اور سلمان اکرم راجہ کی قیادت پر بھی اعتماد کا اعادہ کیا گیا۔
اجلاس میں سہیل آفریدی، جنید اکبر خان اور دیگر پارٹی عہدیداروں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے بااختیار بنائی گئی سیاسی و کور کمیٹی اور پارٹی تنظیموں کے اختیارات تسلیم کیے جائیں گے اور حتمی فیصلوں کا اختیار بانی پی ٹی آئی اور ان کی بااختیار کردہ قیادت کے پاس رہے گا۔
پارلیمانی پارٹی نے پارٹی نظم و ضبط برقرار رکھنے، اندرونی اختلافات پارٹی فورمز پر حل کرنے اور پارلیمانی، سیاسی و قانونی محاذوں پر قیادت کی مشاورت سے مربوط جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔



