اسرائیلی انتخابات سے قبل ایران پر حملے کا منصوبہ مؤخر، نیتن یاہو کو امریکی انکار کا سامنا

تل ابیب (ویب ڈیسک) اسرائیل میں عام انتخابات سے قبل وزیراعظم نیتن یاہو ایران پر نئے حملے کے لیے امریکا کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی آرمی چیف ایال ضمیر نے انتخابات سے پہلے حملے کرنے کی مخالفت کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو نے گزشتہ ہفتے ایران پر نئے حملوں کے لیے امریکا میں لابنگ کی تھی، تاہم امریکی حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ ایران کے خلاف مشترکہ آپریشن بہت جلد کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق امریکا نے یہ فیصلہ اسرائیلی آرمی چیف کے ان خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا کہ ایران پر نیا حملہ اسرائیلی انتخابات ملتوی ہونے کا سبب بن سکتا ہے۔
اسرائیل نے امریکی فیصلے کو قبول کر لیا، کیونکہ اسے خدشہ ہے کہ یمن میں سرگرم ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغی اگر اسرائیل کی جانب میزائل حملے شروع کرتے ہیں تو اسرائیل کو دفاع کے لیے امریکی مدد درکار ہو سکتی ہے۔
اسرائیل میں عام انتخابات کے لیے پولنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے شروع ہو کر رات 10 بجے تک جاری رہنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اسرائیلی پارلیمان (کنیسٹ) کی 120 نشستوں میں حکومت بنانے کے لیے کم از کم 61 نشستوں کی اکثریت درکار ہوتی ہے۔
رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق وزیراعظم نیتن یاہو اور اپوزیشن اتحاد کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ اپوزیشن کی نمایاں شخصیات میں سابق فوجی سربراہ گادی آئزنکوٹ اور سابق وزیراعظم نفتالی بینیٹ شامل ہیں۔
7 اکتوبر 2023ء کے حملوں اور خطے میں جاری کشیدگی کے بعد ہونے والے یہ انتخابات اسرائیل کی سیاست کے لیے اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طویل جنگ اور اندرونی سیاسی مسائل نے نیتن یاہو کے لیے اقتدار برقرار رکھنے کے چیلنجز بڑھا دیے ہیں۔ انتخابات کے نتائج حکومت سازی اور اسرائیل کی آئندہ علاقائی پالیسی پر اثرانداز ہو سکتے ہیں۔



