entertanmentlatest news

یاسمین حمید کی صدارت میں حلقہ ارباب ذوق کا تنقیدی اجلاس

عبیرہ احمد اور توقیر عباس نے شاعری، آثر اجمل نے مضمون ”اردو شاعری میں صوتیات“پیش کیا

لاہور(شہزاد فراموش) حلقہ ارباب ذوق کا تنقیدی اجلاس پاک ٹی ہاؤس میں سینئر شاعرہ یاسمین حمید کی زیر صدارت ہوا۔

جوائنٹ سیکرٹری شہزاد فراموش نے گزشتہ اجلاس کی کارروائی پیش کی، بعدازاں عبیرہ احمد نے اپنی غزل پیش کی۔حاضرین کی آراء کے بعد یاسمین حمید نے کہا کہ اس پر بات کرنا آسان بھی ہے اور مشکل بھی۔ ان کی نظم پہلے پانچ چھ لوگوں میں آتی ہے، مگر یہ غزل کے شعر بہت مشقت سے بناتی ہوئی محسوس ہوئیں۔مطلع کا پہلا مصرع شاندار ہے مگر دوسرے کو ردیف،قافیہ نے جکڑ لیا ہے۔

اس کے بعد آثر اجمل نے اپنا مضمون ”اردو شاعری میں صوتیات“پیش کیا۔ اس پر یاسمین حمید کا کہنا تھا کہ مضمون اچھا رہا، اس طرح کے مضامین بار بار سننے اور پڑھنے کے ہوتے ہیں۔

توقیر عباس کی غز ل پر آراء کے بعد صدرکا کہنا تھا کہ یہ شاعری آمد کے بجائے آورد کی ہے۔ اس غزل میں تاثیر کی شدت سے کمی ہے۔ہاں ایک شعر”مسجد کی کھڑکیوں“ والا بہت کامیاب ہے۔انہوں نے شاعر کی غزل سے ہٹ کر ایک شعر پڑھا اور کہا کہ توقیر ایسی شاعری کرتا ہے، یہ غزل ویسی نہیں۔

حلقہ ارباب ذوق کے سابق سیکرٹری اعجاز رضوی کے انتقال پرافسوس کیا گیا اور ان کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔ سیکرٹری آفتاب جاوید نے مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے آئندہ خصوصی اجلاس کو شام افسانہ کا نام دیا اور بتایا کہ اس میں سعادت حسن منٹو، راجندر سنگھ بیدی، عصمت چغتائی اور غلام عباس کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا اور نامور افسانہ نگار اپنے افسانے پیش کرینگے۔

اختتام پر یاسمین حمیدسے ان کی شاعری سنی گئی، اجلاس میں شرکت کرنے والوں کی تعداد 70کے قریب رہی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button