ٹرمپ کا ایران کے خلاف ایک اور فوجی آپریشن کا عندیہ، کیوبا سے نمٹنے کا بھی اعلان
ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، امریکی صدر کا مؤقف

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف ایک اور فوجی آپریشن کیے جانے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے معاملے سے نمٹنے کے بعد کیوبا کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے خلاف مزید کارروائی کا عندیہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے معاملے کے بعد کیوبا سے بھی نمٹا جائے گا۔
اس سے قبل وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے ایک بار پھر اپنے مؤقف کا اعادہ کیا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف جنگ کا آغاز سابق امریکی صدور کو بہت پہلے کردینا چاہیے تھا۔
امریکی صدر کے ان بیانات سے ایران کے خلاف ممکنہ مزید فوجی کارروائی اور کیوبا سے متعلق امریکی پالیسی کے حوالے سے ان کے سخت مؤقف کا اظہار ہوتا ہے۔



