فیفا کا فٹبال کی ترقی کے لیے 6 ارب 35 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ

زیورخ: فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کی ریکارڈ تجارتی کامیابی کے بعد دنیا بھر میں فٹبال کی ترقی کے لیے فنڈز بڑھانے کا منصوبہ پیش کردیا ہے، جس کے تحت پاکستان سمیت تمام 211 رکن ممالک کو اضافی مالی معاونت مل سکے گی۔
فیفا کے مجوزہ منصوبے کے مطابق 2027 سے 2030 کے دوران فٹبال کی ترقی کے لیے 6 ارب 35 کروڑ ڈالر مختص کرنے کی تجویز ہے۔ اس کے تحت ہر رکن ملک کو ڈھائی کروڑ ڈالر تک فنڈز فراہم کیے جاسکیں گے، جبکہ مجوزہ فنڈنگ گزشتہ پروگرام کے مقابلے میں دگنی سے زیادہ ہوگی۔
منصوبے کی حتمی منظوری مارچ 2027 میں فیفا کانگریس سے مشروط ہے، جبکہ فیفا کونسل دسمبر 2026 کے اجلاس میں فنڈنگ کی تفصیلات کو حتمی شکل دے گی۔ فنڈز کی تقسیم میں خواتین اور نوجوانوں کے فٹبال کے فروغ اور کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو ترجیح دی جائے گی۔
فیفا نے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ایک ارب 70 کروڑ ڈالر کے ذخائر برقرار رکھنے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔
دوسری جانب فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے متنازع ’فیفا فارورڈ انٹرپرائز‘ منصوبے میں غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے معذرت کرلی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ مستقل طور پر واپس لے لیا گیا ہے اور اسے کسی بھی شکل میں دوبارہ پیش نہیں کیا جائے گا۔
جیانی انفینٹینو کا کہنا تھا کہ فیفا کے فنڈز تنظیم کے 211 رکن ممالک کی ملکیت ہیں۔ گزشتہ دس برس کے دوران فی رکن ملک فنڈنگ 10 لاکھ ڈالر سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ ڈالر تک پہنچانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ان کے بقول، فٹبال سب کے لیے اور ہر جگہ ہے۔
فیفا کونسل نے تنظیمی گورننس میں ممکنہ اصلاحات کا جائزہ لینے کے لیے ایک ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
اس کے علاوہ فیفا پیس پرائز کے معاملے کا جائزہ متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ دسمبر میں ہونے والے فیفا کونسل کے اجلاس میں متوقع ہے۔
فیفا کونسل نے کھلاڑیوں کے خلاف تادیبی کارروائیوں کے طریقہ کار کا جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ امریکی فٹبالر فولارین بالوگن کی ایک میچ کی معطلی مشروط طور پر مؤخر کیے جانے کے بعد تادیبی قوانین پر نظرثانی کی جائے گی۔
فیفا کی قانونی کمیٹی دسمبر میں ہونے والے کونسل اجلاس میں تادیبی طریقہ کار سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔



