crimelatest news
راولپنڈی میں ویزے لگے 50 سے زائد پاسپورٹس چوری، مقدمہ درج

راولپنڈی: نجی کوریئر سروس کے ڈیلیوری بیگ سے ویزے لگے 50 سے زائد پاسپورٹس چوری ہونے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق مقدمہ نجی کوریئر سروس کے نمائندے کی درخواست پر درج کیا گیا۔ نامعلوم چور کوریئر سروس کا ڈیلیوری بیگ لے کر فرار ہوگیا، جس میں مختلف ممالک کے ویزے لگے 50 سے زائد پاسپورٹس موجود تھے۔
پولیس کے مطابق چوری ہونے والے بیگ میں شہریوں کی اہم دستاویزات، موبائل فونز اور دیگر پارسل بھی شامل تھے۔ پاسپورٹس پر سعودی عرب سمیت مختلف ممالک کے ویزے لگے ہوئے تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مبینہ ملزم کی تصویر اور چوری ہونے والے پاسپورٹس کی نقول بھی سامنے آگئی ہیں۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔



