Businesslatest news

بجلی فی یونٹ 2 روپے 56 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست، نیپرا میں سماعت 29 اکتوبر کو ہوگی

اسلام آباد: سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے ستمبر کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی فی یونٹ 2 روپے 56 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کردی۔

نیپرا کے مطابق سی پی پی اے کی درخواست پر سماعت 29 اکتوبر کو ہوگی، جس میں بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق درخواست کا جائزہ لیا جائے گا۔

سی پی پی اے کی درخواست کے مطابق ستمبر میں بجلی کی فی یونٹ اوسط فیول لاگت کا تخمینہ 7 روپے 46 پیسے لگایا گیا تھا، تاہم یہ بڑھ کر 10 روپے 2 پیسے فی یونٹ ہوگئی۔

درخواست میں بتایا گیا ہے کہ ستمبر کے دوران مقامی کوئلے سے 7 ارب 95 کروڑ روپے جبکہ درآمدی کوئلے سے 37 ارب 14 کروڑ روپے کی بجلی پیدا کی گئی۔

اسی عرصے میں بجلی کی پیداوار کے لیے ڈیزل پر 13 ارب 26 کروڑ روپے اور فرنس آئل پر 11 ارب 81 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔

سی پی پی اے کے مطابق مقامی گیس سے بجلی پیدا کرنے پر 13 ارب 89 کروڑ روپے جبکہ ایل این جی سے بجلی کی پیداوار پر 31 ارب 93 کروڑ روپے کے اخراجات آئے۔

درخواست میں مزید بتایا گیا ہے کہ ستمبر میں بجلی کی پیداوار پر مجموعی فیول لاگت 127 ارب 87 کروڑ روپے رہی، جبکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) نے اس دوران 12 ارب 76 کروڑ یونٹ بجلی فروخت کی۔

نیپرا کی سماعت کے بعد بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق درخواست پر فیصلہ کیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button