دبئی میں جعلی ڈرائیونگ لائسنس کا گروہ بے نقاب، 8 افراد گرفتار

دبئی: دبئی پولیس کے اکنامک کرائمز ڈپارٹمنٹ نے ڈرائیونگ لائسنس کے تبادلے سے متعلق قانونی سہولت کا غلط استعمال کرنے والے منظم گروہ کو بے نقاب کرتے ہوئے 8 افراد کو گرفتار کرلیا۔
حکام کے مطابق ملزمان ٹرانزیکشن پروسیسنگ کمپنیوں کے دفاتر کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے خواہش مند افراد سے رابطہ کرتے تھے اور انہیں پڑوسی ملک میں ڈرائیونگ سیکھے یا ٹیسٹ دیے بغیر لائسنس حاصل کرنے کی پیشکش کرتے تھے، جسے بعد ازاں دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) سے متحدہ عرب امارات کے ڈرائیونگ لائسنس میں تبدیل کروایا جاسکتا تھا۔
پولیس کے مطابق یہ گروہ فی لائسنس 10 ہزار اماراتی درہم وصول کرتا تھا۔ ملزمان ایسے ممالک کے لائسنس حاصل کرنے کی پیشکش کرتے تھے جن کے ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والے افراد مقررہ شرائط کے تحت اضافی ٹیسٹ کے بغیر اماراتی لائسنس حاصل کرسکتے ہیں۔
دبئی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ ایسی غیر قانونی خدمات حاصل کرنے اور رقم دے کر جعلی لائسنس بنوانے والے افراد بھی قانونی کارروائی کا سامنا کرسکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ سیکھے اور ضروری ٹیسٹ پاس کیے بغیر گاڑی چلانا نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ عام شہریوں، پیدل چلنے والوں اور دیگر ڈرائیوروں کی زندگیوں کے لیے بھی سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔



