برطانوی فوج کے سربراہ کا جنگ کے خطرات سے متعلق انتباہ، عوام کو تیار رہنے کی ہدایت

لندن: برطانوی فوج کے سربراہ جنرل سر رولی واکر نے جنگ کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر عوام کو ممکنہ جنگ کے لیے تیار رہنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
شمالی یارکشائر میں فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سر رولی واکر نے کہا کہ سیاسی قیادت کو عوام سے کھل کر بات کرنا ہوگی اور انہیں ملکی دفاع کے لیے ممکنہ قربانیوں کے حوالے سے آگاہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے فوجیوں سے کہا کہ شاید انہیں اس بات کا اندازہ نہ ہو، لیکن قوم کو مستقبل میں ان کی ضرورت پڑنے والی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر شہری سے قربانی دینے اور ملک کے دفاع میں اپنا کردار ادا کرنے کی توقع کی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی وزیراعظم بھی اس حوالے سے آگاہی کی ایک نئی مہم شروع کریں گے۔ اس مہم کا مقصد عوام کو بحرانوں، سیلاب، خشک سالی اور جنگ سمیت ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ترغیب دینا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جاری ہونے والے ایک سروے میں 48 فیصد برطانوی شہریوں نے کہا تھا کہ وہ جنگ میں حصہ لینے کے حامی نہیں ہیں۔



