latest newsPoliticsWorld

اسرائیلی کمپنی کا آن لائن اشتہارات کے ذریعے انٹرنیٹ صارفین کی جاسوسی کا انکشاف

تل ابیب: اسرائیلی ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ کمپنی ’ڈسکور ٹیک‘ کی جانب سے آن لائن اشتہارات کے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے انٹرنیٹ صارفین کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے اور ان کے آلات ہیک کرنے میں مدد فراہم کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دو تحقیقی اداروں نے جمعرات کو اپنی الگ الگ رپورٹس میں انکشاف کیا کہ ڈسکور ٹیک کی خدمات کے ذریعے اسرائیلی اسپائی ویئر کمپنی ’کینڈیرو‘ سمیت دیگر نگرانی کرنے والی کمپنیوں کو گوگل، کامکاسٹ اور روسی کمپنی یانڈیکس کے اشتہاری پلیٹ فارمز تک رسائی حاصل ہوئی۔

کینیڈا کے سائبر نگرانی کے ادارے سٹیزن لیب اور نیویارک کی اشتہاری سکیورٹی فرم کنفائنٹ کی تحقیقات کے مطابق آن لائن اشتہارات کا نظام صارفین کی رازداری کے لیے خطرات کے ساتھ بڑے پیمانے پر جاسوسی کی مہمات کے لیے بھی استعمال ہو سکتا ہے۔

سٹیزن لیب کے سینئر محقق وولفی کرسٹل نے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن اشتہارات کا موجودہ نظام سکیورٹی کے لیے بنیادی نوعیت کا خطرہ ہے، جو ریاستوں، نجی شعبے، سول سوسائٹی اور دیگر فریقوں کو متاثر کرتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈسکور ٹیک کے اشتہارات، جن میں موبائل فون اور ایئربڈز جیسی عام مصنوعات کے اشتہارات بھی شامل تھے، مختلف شراکت داروں کے ذریعے ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد ویب سائٹس اور 75 ہزار ایپس تک پہنچے۔

محققین کا کہنا ہے کہ ان اشتہارات کے ذریعے نقصان دہ ویب سائٹس پر جانے یا مخصوص ایپس استعمال کرنے والے افراد کی شناخت اور ان کی سرگرمیوں کی نگرانی ممکن تھی۔ بعض صورتوں میں اسمارٹ فون صارفین کے فون نمبرز حاصل کرنے کی کوشش بھی کی جاتی تھی۔ اس عمل کے لیے بعض حالات میں متعلقہ ویب سائٹ پر اشتہار کا لوڈ ہونا ہی کافی تھا۔

تحقیقی اداروں کے مطابق بعض اشتہارات صارفین کے آلات میں کینڈیرو کا اسپائی ویئر نصب کرنے میں مدد کے لیے بھی استعمال کیے جاتے تھے۔ تاہم کنفائنٹ کے مطابق کینڈیرو سے منسلک اشتہارات ڈسکور ٹیک کے مجموعی اشتہارات کا انتہائی معمولی حصہ تھے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی اسپائی ویئر کمپنی کینڈیرو کو امریکی حکومت نے 2021 میں بلیک لسٹ کردیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button