خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کے دور میں تعینات قانونی مشیروں کو ہٹانے کا فیصلہ

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے تحریک انصاف کے دور میں تعینات قانونی مشیروں کو عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا۔
محکمہ قانون نے تمام انتظامی سیکرٹریز کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے قانونی مشیروں کو فوری طور پر ڈی نوٹیفائی کرنے اور اس حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
محکمہ قانون کے مراسلے کے مطابق سرکاری محکموں کے لیے قانونی مشیروں کی تقرری کی سفارش 11 نومبر 2024 سے 17 ستمبر 2026 تک کے عرصے کے لیے کی گئی تھی۔ یہ تقرریاں ایڈووکیٹ جنرل آفس کی اسکروٹنی کمیٹی کی سفارشات پر عمل میں لائی گئی تھیں۔
مراسلے میں تمام انتظامی محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ قانونی مشیروں کو فوری طور پر ڈی نوٹیفائی کرکے محکمہ قانون کو آگاہ کیا جائے۔ سرکاری امور کی روانی برقرار رکھنے کے لیے نئے قانونی مشیروں کی تقرریاں بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گورنر کی مشاورتی کونسل کے مشیر قانون عامر جاوید نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل آفس کی طرز پر سرکاری محکموں میں بھی جلد وکلا کی تقرری کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری وکلا کی تقرری کا عمل میرٹ کی بنیاد پر ہوگا، تاہم ہٹائے جانے والے وکلا میں سے اگر کوئی میرٹ پر پورا اترا تو اسے دوبارہ بھی تعینات کیا جاسکتا ہے۔



