پاکستان کے 4 بڑے ایئرپورٹس پر جدید سکیورٹی نظام کی تنصیب کیلئے 12 ارب روپے کا منصوبہ

پاکستان میں ایوی ایشن سکیورٹی کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے 12 ارب روپے کا منصوبہ سامنے آگیا، جس کے تحت پہلے مرحلے میں ملک کے چار بڑے ایئرپورٹس پر جدید سکیورٹی نظام نصب کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور ایئرپورٹس پر جدید سکیورٹی آلات اور ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائے گی۔ اس سلسلے میں مسافروں کے ہینڈ بیگیج اور ہولڈ بیگیج کی تلاشی کے لیے جدید سی ٹی اسکینرز خریدے جائیں گے۔
منصوبے کے تحت مسافروں کی سکیورٹی جانچ کے لیے فل باڈی اسکینرز، جبکہ کارگو اور گاڑیوں کی اسکیننگ کے لیے جدید ترین نظام بھی نصب کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ایوی ایشن سکیورٹی سے متعلق جدید مواصلاتی آلات کی خریداری بھی منصوبے کا حصہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جدید اسکیننگ ٹیکنالوجی کی تنصیب سے ایئرپورٹس پر سکیورٹی مزید مستحکم ہوگی، جبکہ مسافروں کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے اور ایئرپورٹس کی آپریشنل کارکردگی میں اضافے میں بھی مدد ملے گی۔



