گلوکارہ ہما خواجہ کا نیا پنجابی گانا ’’تیرے رنگ‘‘ ریلیز

کراچی: گلوکارہ ہما خواجہ نے اپنا نیا پنجابی گانا ’’تیرے رنگ‘‘ ریلیز کردیا، جو محبت، زندگی کے رنگوں، رشتوں اور خوشیوں کے تہواروں کی عکاسی کرتا ہے۔
ہما خواجہ نے دی ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ گانا جنوری میں تیار کیا گیا تھا، تاہم اسے اکتوبر میں ریلیز کیا گیا۔ گانے کا خیال بدلتے موسموں اور زندگی میں رنگوں کی واپسی کے تصور سے لیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جس طرح بہار کے بعد خزاں آتی ہے، اسی طرح زندگی میں بھی رنگوں کی اہمیت ہے۔ رنگوں کی تبدیلی ہی نے گانے کے عنوان ’’تیرے رنگ‘‘ کو جنم دیا۔
گلوکارہ نے بتایا کہ یہ ایک سادہ، دل کو چھو لینے والا رومانوی گانا ہے، جسے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد آسانی سے سمجھ اور محسوس کرسکتے ہیں۔ اس کے رنگا رنگ موضوع کے باعث اسے شادیوں، سالگرہ کی تقریبات اور ویلنٹائن ڈے سمیت مختلف خوشی کے مواقع پر سنا جاسکتا ہے۔
ہما خواجہ کے مطابق نومبر اور دسمبر میں شادیوں کا سیزن شروع ہونے والا ہے، اسی لیے گانے کی دھن اور خوشگوار انداز کو محبت، خوشی اور باہمی تعلق کے اظہار سے بھرپور تقریبات کے لیے موزوں بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک خوبصورت اور دل کو چھو لینے والا گانا ہے، جس کا مقصد محبت پھیلانا ہے اور اس کے بول و انداز اتنے آسان ہیں کہ ہر شخص اسے سمجھ سکتا ہے۔
گانے کی موسیقی کی تیاری علی مصطفیٰ نے لاہور میں اپنے اسٹوڈیو میں کی، جبکہ ووکل پروڈکشن کی ذمہ داری پاکستان آئیڈل کی ٹاپ سکس امیدوار سامیہ گوہر نے انجام دی۔ گلوکارہ کے مطابق محبوب اشرف بینڈ سے وابستہ روشن اشرف نے بھی گانے کی پرکشن اور مکسنگ میں حصہ لیا۔
ہما خواجہ نے گانے کے ساتھ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے ویڈیو بھی تیار کی ہے، جس میں محبت، رنگوں اور پاکستان کے ثقافتی ورثے کو نمایاں کیا گیا ہے۔ ویڈیو میں روایتی پتنگوں سمیت ثقافت سے جڑے مختلف عناصر بھی شامل ہیں۔
گلوکارہ کے مطابق ’’تیرے رنگ‘‘ کا مفہوم صرف رومانوی محبت تک محدود نہیں، بلکہ رنگ خوشیوں، زندگی کے تنوع اور ان جذبات کی علامت بھی ہیں جو لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑتے ہیں۔



