رانا ثنا اللہ کا دعویٰ، مراد سعید افغانستان سے خیبر پختونخوا حکومت کنٹرول کر رہے ہیں

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ مراد سعید افغانستان میں بیٹھ کر خیبر پختونخوا کی حکومت کو کنٹرول کر رہے ہیں۔
رانا ثنا اللہ کے مطابق سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا بنانے میں بھی مراد سعید کا کردار ہے، جبکہ بتایا جاتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سہیل آفریدی کو جانتے بھی نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات میں پی ٹی آئی کے تمام مطالبات تسلیم کرنے کی پیشکش کی، تاہم مذاکرات کی ناکامی میں بنیادی کردار سہیل آفریدی اور ان کے پیچھے موجود مراد سعید کا ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت سیاسی لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر مذاکرات یا معاملہ فہمی پر یقین نہیں رکھتی۔ ان کے مطابق خیبر پختونخوا میں علی امین گنڈا پور کو کوئی ذمہ داری نہیں دی جا رہی، جبکہ صوبے کے لیے موجودہ سیٹ اپ سوچ سمجھ کر تشکیل دیا گیا ہے۔



