latest newsPakistan

ہسپتالوں میں سیفٹی آلات اور فائر ہائیڈرینٹس کی چیکنگ، کمشنر لاہور کا میو و چلڈرن ہسپتال کا دورہ

لاہور(عمران اسلم) کمشنر لاہور نعمان یوسف اور ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز نے میو ہسپتال اور چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات، فائر ہائیڈرینٹس اور دیگر حفاظتی آلات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ریسکیو 1122، واسا، سی اینڈ ڈبلیو، سول ڈیفنس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

کمشنر لاہور اور ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہسپتالوں کے مختلف شعبہ جات کے باہر نصب فائر ہائیڈرینٹس کو چیک کیا اور متعلقہ ٹیموں کو ہائیڈرینٹس کی فعالیت کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ ہسپتالوں میں مزید فائر ہائیڈرینٹس کی ضرورت کا بھی تعین کیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔

نعمان یوسف نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں موجود تمام سیفٹی آلات کی فعالیت چیک کرنے کے ساتھ ساتھ عملے کو ان آلات کے استعمال کی دی جانے والی تربیت کا بھی جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے ریسکیو 1122 لاہور کو ہدایت کی کہ شہر کے تمام ہسپتالوں کا سروے مکمل کرکے فائر ہائیڈرینٹس کے حوالے سے جامع رپورٹ پیش کی جائے۔

کمشنر لاہور نے ہسپتالوں کے بیرونی حصوں میں بجلی کی سپلائی اور حفاظتی انتظامات کی چیکنگ کے لیے لیسکو ٹیموں کو بھی شامل کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے واسا کو تمام ضروری سیفٹی آلات کی فوری تنصیب یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے۔

کمشنر لاہور نے واضح کیا کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون سے ہسپتالوں میں سیفٹی آلات کی تنصیب، فعالیت اور دستیابی یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فائر ایکسٹنگوشرز، باؤزرز، فائر ہائیڈرینٹس اور فائر بریگیڈ گاڑیوں کی ہنگامی صورتحال میں آزادانہ نقل و حرکت کے پہلو کو بھی خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے۔

کمشنر لاہور نے کہا کہ لاہور کے تمام ہسپتالوں کو ضلعی انتظامیہ کا مکمل تعاون حاصل ہے، متعلقہ ٹیمیں آج ہی سروے مکمل کرکے حفاظتی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات یقینی بنائیں۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button