latest newsShowbiz

دیپیکا پڈوکون نے ’اسپرٹ‘ میں کام کا فیصلہ سنجیدگی سے نہیں کیا، قریبی ذریعے کا دعویٰ

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور فلمساز سندیپ ریڈی وانگا کے درمیان فلم ’اسپرٹ‘ سے علیحدگی کا معاملہ ایک بار پھر خبروں میں ہے۔ اداکارہ کے قریبی ذریعے نے دعویٰ کیا ہے کہ دیپیکا نے اس فلم میں کام کرنے کا فیصلہ سنجیدگی سے کیا ہی نہیں تھا۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق ذریعے کا کہنا ہے کہ دیپیکا نے سندیپ ریڈی وانگا سے صرف ایک مرتبہ ملاقات کی تھی، جس کے دوران ہدایتکار تقریباً ایک گھنٹہ تاخیر سے پہنچے۔ ذریعے کے مطابق اس کے باوجود دیپیکا نے پیشہ ورانہ انداز میں ملاقات جاری رکھی۔

ذریعے نے دعویٰ کیا کہ ملاقات میں دیپیکا کو فلم کی مکمل کہانی نہیں سنائی گئی بلکہ صرف ایک لائن میں فلم کا بنیادی خیال بتایا گیا۔ ان کے مطابق دیپیکا مکمل کہانی سنے بغیر کسی فلم کے لیے حامی نہیں بھرتیں، اسی لیے ’اسپرٹ‘ کبھی ان کی سنجیدہ ترجیحات میں شامل نہیں ہوئی۔

قریبی ذریعے کے مطابق دیپیکا مستقبل میں بھی سندیپ ریڈی وانگا کے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتیں۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ اداکارہ فلمساز کے خواتین سے متعلق رویے سے اتفاق نہیں کرتیں۔

دیپیکا نے 2025 میں ’اسپرٹ‘ سے علیحدگی اختیار کی تھی۔ اس وقت مختلف رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اداکارہ نے نئی ماں بننے کے بعد روزانہ آٹھ گھنٹے کام کرنے کی شرط رکھی تھی، جس پر فلم کی ٹیم رضامند نہیں ہوئی۔ بعض رپورٹس میں فلم کے کچھ قریبی مناظر پر بھی دیپیکا کے تحفظات کا ذکر کیا گیا تھا۔

بعد ازاں فلم کے پروڈیوسر اور سندیپ ریڈی وانگا کے بھائی پرنائے ریڈی وانگا نے دعویٰ کیا کہ دیپیکا کے فلم چھوڑنے کی وجوہات میں معاوضہ، کام کے اوقات اور منافع میں 10 فیصد حصہ طلب کرنا بھی شامل تھا۔

اس معاملے نے اس وقت مزید توجہ حاصل کی جب سندیپ ریڈی وانگا نے 2025 میں سوشل میڈیا پر ایک سخت پیغام جاری کیا۔ اگرچہ انہوں نے دیپیکا کا نام نہیں لیا، تاہم ان کے بیان کو اداکارہ سے جوڑا گیا۔

بعد ازاں تریپتی ڈمری کو ’اسپرٹ‘ میں دیپیکا کی جگہ مرکزی اداکارہ کے طور پر شامل کرلیا گیا۔ فلم میں پربھاس، تریپتی ڈمری اور وویک اوبرائے اہم کرداروں میں نظر آئیں گے، جبکہ ’اسپرٹ‘ کی ریلیز 5 مارچ 2027 کو شیڈول ہے۔

دوسری جانب دیپیکا پڈوکون شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’کنگ‘ میں نظر آئیں گی، جبکہ ان کی ایک اور فلم ’راکّا‘ بھی زیر تکمیل ہے، جس میں وہ الو ارجن کے ساتھ کام کررہی ہیں۔

’اسپرٹ‘ سے دیپیکا کی علیحدگی کے حوالے سے اب تک مختلف وجوہات سامنے آچکی ہیں، تاہم تازہ دعوے کے مطابق اداکارہ اور سندیپ ریڈی وانگا کے مستقبل میں ایک ساتھ کام کرنے کے امکانات بھی کم ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button