
ٹرمپ کا دعویٰ، مجتبیٰ خامنہ ای شدید زخمی ہیں لیکن ہلاک نہیں ہوئے
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای شدید زخمی ہیں تاہم وہ ہلاک نہیں ہوئے۔
ایک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ ایران کے نئے سپریم لیڈر ہلاک ہوچکے ہیں، تاہم اگر ایسا ہے تو ایرانی حکام بہت اچھا ڈراما کررہے ہیں۔
ٹرمپ کے مطابق ایرانی حکام مختلف معاملات پر حتمی منظوری کے لیے سپریم لیڈر سے دوبارہ بات کرنے کا ذکر کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں یقین ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای جسم کے بائیں جانب سے شدید زخمی ہیں۔
واضح رہے کہ 28 فروری کو ایران پر امریکی حملوں کے پہلے روز مجتبیٰ خامنہ ای کے شہید ہونے کی اطلاع سامنے آئی تھی اور اس کے بعد سے انہیں عوامی سطح پر نہیں دیکھا گیا۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف امریکی عسکری اور اقتصادی دباؤ مؤثر ثابت ہورہا ہے۔ قدامت پسند ریڈیو میزبان گلین بیک کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ تمام اقدامات ایک بڑی کامیابی کی جانب بڑھ رہے ہیں اور امریکا بہت جلد بڑی کامیابی حاصل کرے گا۔
ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے بھی دعویٰ کیا کہ یہ راستہ اب مکمل طور پر کھلا ہے۔ ان کے بقول امریکا متعدد بحری جہاز آبنائے ہرمز سے گزار رہا ہے جبکہ تمام بارودی سرنگیں بھی ختم کردی گئی ہیں۔



