
ویمنز ایشیا کپ: پاکستان ٹیم لاہور سے دبئی روانہ
لاہور: ویمنز ایشیا کپ میں شرکت کے لیے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم لاہور سے دبئی روانہ ہوگئی۔
ویمنز ایشیا کپ 28 اگست سے 13 ستمبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیم کپتان فاطمہ ثناء کی قیادت میں دبئی پہنچنے کے بعد آج آرام کرے گی، جبکہ کل پہلا تربیتی سیشن ہوگا۔
ایشیا کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں قومی ویمن ٹیم نے روانگی سے قبل تربیتی کیمپ میں شرکت کی، جہاں کپتان فاطمہ ثناء کی قیادت میں کھلاڑیوں نے بوائز ٹیم کے ساتھ متعدد پریکٹس میچز کھیلے۔
فاطمہ ثناء کا کہنا تھا کہ کیمپ میں زیادہ تر میچز بوائز ٹیم کے ساتھ کھیلنے سے ٹیم کو بہت فائدہ ہوا اور ایشیا کپ کی تیاریوں میں مدد ملی۔
پاکستان ویمن ٹیم ایشیا کپ میں اپنا پہلا گروپ میچ یکم ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی، جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 5 ستمبر کو ہوگا۔
قومی ٹیم اپنا آخری گروپ میچ 7 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی۔



